Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ممبئی انڈینز نے آئی پی ایل کا فائنل جیت لیا

رائزنگ پونا سپرجائنٹ نے 129رنز کے جواب میں 6وکٹوں پر 128رنز بنا ئے، کپتان اسمتھ 51رنز بنا کر اوسان بحال نہ رکھ سکے، کرونال پانڈے مین آف دی میچ رہے
جدہ (ندیم ذکاءآغا) آئی پی ایل کا فائنل ممبئی انڈینز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رنز سے جیت لیا۔مقررہ 20اوورز میں ممبئی انڈینز نے 8وکٹوں پر 129رنز بنا ئے تھے۔ رائزنگ پونا سپرجائنٹ 6وکٹوں پر 128رنز بنا سکی۔ اس نے 18ویں اوور کے اختتام پر 107/3رنز بنا رکھے تھے جو کہ19ویں اوور میں 119/3تک پہنچا دیا۔ جیت کے اتنے قریب ہو جانے کے بعد آخری اوور کی پہلی گیند پر منوج تیواری نے چوکا مارا اور جونسن کی دوسری گیند پر پولاڈ کوکیچ دے بیٹھے۔اس موقع پرکپتان اسٹیون اسمتھ جو 51رنز بنا کر نصف سنچری مکمل کر چکے تھے اپنے اوسان بحال نہ رکھ سکے اور تیسری گیند پر غلط شارٹ کھیلتے ہوئے امباتی ریوڈو کو کیچ دے دیا۔آخری گیند پر رائزنگ پونا کو 4رنز کی ضرورت تھی کہ تیسرا رنز لیتے ہوئے متبادل کھلاڑی نے ڈینیل کرسٹین کو رن آﺅٹ کر کے ممبئی انڈینز کو ایک رن سے فتح دلا دی۔ قبل ازیں ممبئی انڈینز کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر آئی پی ایل کے فائنل میں اوپنرلینڈل سیمنس اور پارتھیو پاٹل کو میدان میں اتارا ۔دونوں ہی تیسرے اوور میں بالترتیب 3اور 4رنز بنا کر باہر آگئے۔اس وقت مجموعی اسکور 8رنز تھا۔ تیسری وکٹ بھی 41رنز پر 8ویں اوور میں گر گئی۔ کپتان روہت شرما نے 24اور کرونال پانڈے نے 2چھکوں کی مدد سے 47رنز بنائے۔وہ شاندار بیٹنگ کی وجہ سے مین آف دی میچ رہے۔جے دیو، ایڈم زامپا او رڈینیل کرسٹین نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔130کا ہدف حاصل کرنے کیلئے رائزنگ پونا سپرجائنٹ کی ٹیم میدان میں اتری تو تیسرے اوور میں 17کے مجموعی اسکور پر راہول تریاتھی صرف 3رنز پربمراہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہو گئے۔اسٹیون اسمتھ نے ون ڈاﺅن آ کر اجنکیا رہانے کے ساتھ مل کر کپتان اننگز کھیلی اور بارہویں اوور میں اسکور 71رنز تک پہنچا دیا ۔ اس موقع پر ریحانے اپنا کیچ جونسن کی گیند پر پولارڈ کو دے بیٹھے۔انہوں نے5چوکوں کی مدد سے 44رنز بنائے ۔ اس موقع پر ہندوستانی سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ساتھ دینے کی کوشش کی لیکن دھونی ایک چوکے کی مددسے 10رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئے۔اسمتھ نے میچ کو سنسنی خیز صورتحال میں پہنچ دیا تھا لیکن قسمت نے ان کا ساتھ نہ دیا۔ آخری 2اووروں میں 23رنز کی ضرورت تھی کہ انہو ںنے بغیر کسی نقصان کے 12رنز حاصل کر لئے۔ آخری اوور میں 7وکٹوں کے ساتھ گیارہ رنز کی ضرورت تھی جو کہ 3وکٹیں دینے کے باوجود بھی 9رنز بن سکے۔ اس طرح رائزنگ پونا سپرجائنٹ کی ٹیم ایک رنز کے فرق سے میچ ہار گئی۔
 

شیئر: