Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں قیام زندگی کا مبارک ترین دورانیہ تھا

پاکستانی خواتین اپنی لسانی اور ثقافتی اقدار کو زندہ رکھ رہی ہیں، بیگم نرگس فیصل کاکڑ
ریاض (جاوید اقبال) سفارتخانہ پاکستان کے پولیٹکل قونصلر شاہ فیصل کاکڑ کی اہلیہ بیگم نرگس فیصل کاکڑ نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں قیام انکی زندگی کا خوشگواراور مبارک ترین دورانیہ تھا اور وہ یہاں مقیم اپنی ہموطن خواتین کی منعقدہ تقریبات کو بھی کبھی فراموش نہیں کرسکیں گی۔ وہ ریاض کی معروف شخصیت محترمہ سمیرہ الشافی کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے الوداعیہ میں خواتین کے اجتماع سے خطاب کررہی تھیں۔ تقریب کا دوسرا حصہ فضائل رمضان کے بارے میں تھا جبکہ تیسرے حصے میں بچوں کیلئے مختلف مقابلے منعقد کئے گئے۔ بیگم نرگس فیصل کاکڑ نے تقریب کے انعقاد پر میزبان کا شکریہ ادا کیا اور واضح کیاکہ مملکت میں قیام انسان کو دینی اور دنیاوی دونوں طرح کی زندگی بسر کرنے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ کرہ ارض کا ہر مسلمان اس جنت ارضی میں قیام کا خواہشمندہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاض میں مقیم پاکستانی خواتین مختلف تقریبات منعقد کرکے اپنی زبان اور ثقافت اقدار کو زندہ رکھ رہی ہیں۔ میزبان محترمہ سمیرہ الشافی نے مہمان خواتین کاشکریہ ادا کیا اور بیگم نرگس فیصل کاکڑ کو الوداع کہتے ہوئے انکے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بیگم نرگس فیصل ایک ہر دلعزیز اور ملنسار شخصیت ہیں اور انکی غیر حاضری سے ایک بہت بڑا خلا ء پیدا ہوجائیگا۔ اس موقع پر بیگم نرگس فیصل نے کیک بھی کاٹا۔ پروگرام کے دوسرے حصے میں محترمہ آسیہ شاہد نے رمضان المبارک کے فضائل پر سیر حاصل گفتگو کی جبکہ محترمہ وردہ نے اسلامی معلومات پر مشتمل کوئز منعقد کیا۔ اس کے شرکاءمیں انعامات تقسیم کئے گئے۔ ارم عامر نے قرآن کریم کی آیات مبارکہ انتہائی موثر انداز میں پیش کیں اور سماں باندھ دیا۔ تقریب کے تیسرے حصے میں بچوں کے درمیان تیراکی اور تصویر کشی کے مقابلے کرائے گئے جن میں ننھے شرکاءنے گرمجوشی سے حصہ لیا۔

شیئر: