Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دریائی شیر نے بچی کو پانی میں گھسیٹ لیا

رچمنڈ، کینیڈا- - - - - - مقامی ماہی بندر کے قریب اس وقت ایک ہولناک منظر دیکھنے میں آیا جب یہاںسیر کو آئی ہوئی ایک لڑکی دریائی شیر کے بالکل قریب پہنچ گئی اور غفلت میں دریائی شیر نے اسے پانی میں گھسیٹ لیا۔ کہا جاتا ہے کہ بچی حادثے کے وقت ماہی بندر کے چبوترے پر کھڑے ہوکر مچھلیوں اور دوسرے آبی جانوروں کو روٹی وغیرہ کھلا رہی تھی۔ صورتحال دیکھ کر قریب ہی کھڑے ایک شخص نے جو غالباً لڑکی کا رشتہ دار تھا کوئی لمحہ ضائع کئے بغیر پانی میں چھلانگ لگادی اور بچی کو دریائی شیر کے چنگل سے بچا کر باہر نکال لیا۔ یہ سب کچھ اتنا آنا ً فاناً ہوا کہ دوسرے لوگوں کو سمجھ میں نہیں آیا کہ لڑکی پانی میں کیسے گئی اور وہاں سے اسے کیسے نکالا گیا۔ جس علاقے میں یہ حادثہ پیش آیا اسے اسٹیواسٹن وارف کہا جاتا ہے۔ جہاں ماہی گیروں او رمچھلی پکڑنے کے شائقین کے علاوہ سیاح بھی بڑی تعداد میں آتے ہیں اور اس کے چبوتروں پر بیٹھ کر سیلفی بھی بناتے ہیں ۔ آبی جانورو ںکو کھلاتے بھی ہیں اور کبھی کبھار انکا شکار بھی کرتے ہیں۔ تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ اس ماہی بندر پر کوئی ایسا ہولناک حادثہ پیش آیا۔ موقع کی وڈیو دیکھ کر کچھ حیرت بھی ہوتی ہے کیونکہ بعض لوگوں نے اس خطرناک واقعہ کو دریائی شیر کا کھیل تماشا سمجھ لیا اور قہقہے لگائے مگر جب حقیقت واضح ہوئی تو انکے ہوش اڑ گئے۔ دریائی شیر نے جب لڑکی کو پکڑا تو وہ اتنا اندر چلا گیا کہ اوپر سے نہ لڑکی نظر آرہی تھی نہ ہی دریائی شیر۔ لڑکی پانی میں غرق ہوچکی تھی تاہم پیر کی حرکت نظر آرہی تھی۔ واضح ہو کہ دریائی شیر بہت ذہین مخلوق میں شمار ہوتے ہیں اور اپنی نرم مزاجی کے حوالے سے مشہور ہیں مگر کبھی کبھار ان میں جارحیت بھی پیدا ہوجاتی ہے او ر وہ ا س قسم کی حرکتیں کرتے ہیں۔ اب تک یقین سے یہ بات کہنا مشکل ہے کہ دریائی شیر لڑکی سے کھیل کررہا تھا یا اسکی جان لینے کے درپے تھا۔

شیئر: