Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلور میں 3پاکستانی گرفتار

بنگلور .... بنگلورمیں جن 3پاکستانیوں کو گرفتار کیا گیا ہے ان میں2 خواتین ہیں اور انکے پاس ہند آنے کی سفری دستاویزا ت بھی نہیں۔ ان میں سے ایک خاتون پرامید ہے۔ پولیس کوان سے پوچھ گچھ کا موقع ہی نہیں ملا کیونکہ فوری ہی سینٹرل ایجنسیوں نے ان سے پوچھ گچھ شروع کردی تاہم پولیس والوں نے ان کے چند ہمسایوں سے ضروری معلومات حاصل کی ہیں۔ ایک گرفتار شدہ خاتون سمیرہ پرامید ہیں۔ اگر اس کے یہاں بچے کی ولادت ہوئی تو اسے شہریت نہیں مل سکے گی کیونکہ سمیرہ غیر قانونی تارک وطن ہے۔ جس مکان میں یہ لوگ مقیم تھے ان کے ہمسایوں کو تو یقین بھی نہیں آیا کہ یہ لوگ پاکستانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انکے اخلاق و کرداراچھے تھے اور انہیں یہ کبھی محسوس نہیں ہوا کہ یہ برے ارادے سے یہاں ٹھہرے ہوئے ہوں۔ عمارت کے قریب رہنے والے انجینیئرنگ کے ایک طالب علم آصف نے کہاکہ یہ خواتین کبھی کبھار گھر سے باہر آتی تھیں جبکہ مردوں کا رویہ بھی ٹھیک ٹھاک تھا۔ یہ مکان ایک شخص ناگیشور کا تھا جس نے انہیں کرائے پر دے رکھا تھا۔ کرایہ ساڑھے 10ہزار روپے ماہانہ تھا۔ مکان کی دیکھ بھال انکا ایک عزیز نتیش کرتاتھا۔ نتیش نے بتایا کہ شہاب اور کاشف سیلز مین کی حیثیت سے کام کرتے تھے اور انہیں مکان چھوڑنے کا کہہ دیا گیا تھا کیونکہ انہوں نے 3 ماہ سے کرایہ ادا نہیں کیاتھا۔ ایک بروکر انہیں ہمارے پاس لایا تھا جو کنڑ زبان میں بات کررہا تھا اسلئے ہم نے ان پر کوئی شک نہیں کیا۔ شہاب نے کہاتھا کہ اسے 3ماہ سے تنخواہ نہیں ملی لہذا وہ کرایہ ادا نہیں کرسکتا۔ وہ میرے پاس آیا کہ کچھ وقت دیدو کیونکہ میری اہلیہ پرامید ہے۔ اسلئے ہم نے انسانی ہمدردی کے تحت رہنے دیا لیکن کہا تھاکہ 30مئی تک واجبات ادا نہ کئے تو بے دخل کردیا جائیگا۔
 

شیئر: