Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ محمد بن سلمان کو ولی عہد مقرر کرنے سے ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا ، کاہلوں

 جدہ (ارسلان ہاشمی ) شہزادہ محمد بن سلمان کو ولی عہد مملکت مقرر کئے جانے پر سٹی لنک اور اوٹیکس کمپنی کے سی ای او معروف پاکستانی سرمایہ کار ممتاز اختر کاہلوں نے مبارک باد کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان کی تقرری سے مملکت میں ترقی کے نئے باب کا آغاز ہو گا ۔ اردو نیوز سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کاہلوں نے مزیدکہا کہ ولی عہد مملکت اور نائب وزیر اعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے وژن2030 پیش کیا تھا اس پر کامیابی سے کام جاری ہے ۔ پیش کی جانے والی مستقبل کی منصوبہ بندی 2030سے جہاں مملکت کی معیشت اور معاشرتی ترقی میں غیر معمولی اضافہ ہو گا وہاں مسلم اور دیگر ممالک کو بھی اس سے فائدہ ہو گا ۔ وژن 2030 سے بیرونی سرمایہ کا ری میں بھی غیر معمولی اضافہ ہو گا اور مقامی سطح پر روزگار کے مواقع بھی ملیں گے ۔ یہ بات واضح ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان کی ولولہ انگیز قیادت میں سعودی عرب تیز رفتاری سے ترقی کی جانب گامزن ہو گا۔ شہزادہ محمد بن سلمان کے پیش نظر دنیا کو دہشتگردی سے نجات دلوانا ہے جس کے لئے انکی جانب سے کی جانے والی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں ۔ اس میں شک نہیں کہ دہشتگردی کسی بھی ملک و ملت کیلئے سم قاتل ہے ۔ یہ وہ عفریت ہے جس سے چھٹکارہ حاصل کرنا ہر قوم کی اولین ضرورت ہے ۔ ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنی فراست سے اس امر کو اہمیت دیتے ہوئے علاقائی ہی نہیں ملکی سطح پر دہشتگردی کے عفریت سے معاشرے کوصاف کرنے کیلئے انتہائی اہم اقدامات کئے جس کے واضح اثرات نمایاں ہو رہے ہیں ۔ شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز انتہائی ملنسار اور علم دوست شخصیت کے حامل ہیںمستقبل کے حوالے سے انکے منصوبوں میں ترقی کا عنصر نمایاں ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ولی عہد مملکت کے منصب پر فائز ہوکر وہ مزید بہتر طور پر خدمات انجام دیں گے ۔

شیئر: