Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغان طالبان کو مفاہمتی عمل میں شریک کرنے کا فیصلہ

  اسلام آباد...پاکستان، افغانستان اور چین نے طالبان کو مفاہمتی عمل میں شمولیت کے لئے دعوت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے، افغان امن عمل کی بحالی، طالبان سے مذاکرات، پاک، افغان مشترکہ کرا ئسز مینجمنٹ میکانزم کی تشکیل اور چارفریقی رابطہ گروپ دوبارہ بحال کرنے سمیت 7 نکاتی فارمولے پر اتفاق ہوگیا ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق تینوں ملک علاقائی امن، روابط، اقتصادی تعاون، سلامتی اور ترقی کے لئے مل کر کام کریں گے۔چین، پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے ہرممکن کردار ادا کرے گا ۔دہشت گردی کے خلاف تعاون اور سلامتی کو درپیش چیلنجز کا مشترکہ مقابلہ کیا جائے گا۔ وزرائے خارجہ کی سطح پربات چیت کا عمل جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔سہ فریقی وزرائے خارجہ میکانزم باہمی مفادات کو آگے بڑھائے گا ۔پہلا مرحلہ اقتصادی تعاون سے شروع ہوگا۔تینوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ افغان مسئلے کا حل طاقت کااستعمال نہیں بلکہ مفاہمتی عمل میں ہے۔اس کی کامیابی کے لئے پاکستان، چین اور افغان مثبت کردار ادا کریں گے۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مشترکہ کر ائسز مینجمنٹ میکانزم کے تحت خفیہ معلومات کا بروقت تبادلہ، دہشتگردوں کی نقل و حرکت اور دیگر امورکو دیکھا جائے گا۔مشترکہ میکانزم کے تحت پاک، افغان تعلقات پر منفی تاثر کے حامل عوامل کو کم کیا جا سکے گا۔ چین اس میکانزم کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔افغان مفاہمت کے لئے شنگھائی تعاون تنظیم، افغان رابطہ گروپ جلد بحال کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔

 

شیئر: