Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں ڈاکٹر منصور میمن کی طرف سے عید ملن پارٹی

سفارتی عملے کے علاوہ سیکڑوں پاکستانی مرد، خواتین اور بچوں کی شرکت
ریاض ( ذکاءاللہ محسن) عید الفطر کے پہلے دن ڈاکٹر منصور میمن اور ان کی اہلیہ ڈاکٹر ارم قلبانی نے عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا جس میں کمیونٹی کے سیکڑوں مرد و خواتین کے علاوہ سفارت خانہ پاکستان کے نائب سفیر حسن وزیر، ملٹری اتاشی شاہد منظور اور گروپ کیپٹن ارشد مختار نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقعہ پر نائب سفیر حسن وزیر نے سعودی عرب میں مقیم تمام پاکستانیوں کو نیک تمناﺅں کا پیغام دیا اور کہا کہ ہم آج عید پورے مذہبی جوش وخروش کے ساتھ منا رہے ہیں۔عید کا پہلادن تو آج ہے مگر ہر پاکستانی گزشتہ کئی روز سے کرکٹ ٹیم کی جیت کے باعث خوشی سے نہال ہے۔ اس لئے اس سال ہمیں دہری خوشی نصیب ہوئی ہے۔ڈاکٹر منصور میمن نے کہا کہ وہ گزشتہ10 سال سے عید ملن پارٹی کررہے ہیں جس میں سیکڑوں کی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد شرکت کرتے ہیں اور عید مناتے ہیں۔ انھوں نے رائل فیملی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عوام پاکستانیوں کو اپنا بھائی سمجھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ ہمیں ہر تہوار منانے کے لئے بھرپور تعاون کرتے ہیں۔ ڈاکٹر ارم قلبانی نے کہا کہ ہماری یہ ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ عید کے پہلے روز اپنے رشتے داروں اور دوستوں کے ساتھ دن گزاریں۔ اس سے وطن سے دوری کا احساس ختم ہو جاتا ہے۔عید ملن پارٹی میں مرد و خواتین اور بچوں نے روایتی پاکستانی لباس پہن کر شرکت کی جس سے عید کا سماں دوبالا ہوگیا۔

شیئر: