Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کلچرل گروپ کا سفارتخانہ پاکستان میں عید ملن پروگرام

شمشاد صدیقی اور ڈاکٹر منصور میمن کے طنز و مزاح پر تالیاں، فلپائنی میجک سے بچوں میں خوشی،پاکستانی گلوکاروں نے دل دل پاکستان گاکر سماں باندھ دیا
ریاض ( ذکاءاللہ محسن)عید آئی خوشیاں لائی اور اس سے ہر چہرہ خوشی سے روشن ہوگیا۔ ایسا سحر آفریں سفارت خانہ پاکستان میں عید ملن پارٹی کے دوران دیکھنے میں آیا۔ پاکستان کلچرل گروپ کی جانب سے رنگارنگ تقریب میں سیکڑوں مرد و خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ عید کے اس پرمسرت موقع کو یادگار بنانے کےلئے پاکستان کلچرل گروپ کی جانب سے خصوصی طور پر اسٹیج کو دلفریب اور جاذب نظر بنایا گیا تھا جبکہ ایمبیسی ہال کے دیگر حصوں کو بھی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا تھا۔ عید کا موقع ہو اور پاکستانی مرد و خواتین کے روایتی فینسی ڈریسز نہ ہوں ایسا ممکن نہ تھا، ان کی شمولیت سے جہاں تقریب میں چار چاند لگے وہیں پر عید کا سماں بھی دوبالا ہوا۔ ہر چہرہ عید کی خوشی سے سرشار نظر آیا۔ پاکستان کلچرل گروپ کی جانب سے شمشاد احمد صدیقی اور ڈاکٹر منصور میمن نے ہلکے پھلکے طنزومزاح کے ساتھ عید ملن پارٹی کا آغاز کیا تو پورا ہال تالیوں سے گونج گیا۔ بچوں کی کثیر تعداد کیلئے فلپائن سے تعلق رکھنے والے جاز نے بچوں کو میجک کرکے دکھایا جسے بڑوں نے بھی خوب پسند کیا۔ اس کے بعد ریاض سے تعلق رکھنے والے پاکستانی گلوکاروں نے اپنی گائیکی کے ایسے جوہر دکھائے کہ منچلے نوجوان ان کے گانوں پر جھومتے رہے۔گلوکاروں نے فوک اور پاپ میوزک کو احسن انداز میں پیش کیاجبکہ معروف ملی نغمے دل دل پاکستان نے لوگوں کے جذبات کو ایسا ابھارا کہ وطن سے محبت کرنے والوں نے گلوکاروں کے ساتھ ملکر دل دل پاکستان گایا اور وطن عزیز سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کرتے رہے۔تقریب میں ہندوستانی ٹیم کو چیمپیئنز ٹرافی میں شکست دینے والے پاکستان کے مایہ ناز کپتان سرفراز احمد نے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا جس میں انہوں نے سعودی عرب میں بسنے والے پاکبانوں کو عید کی مبارک دیتے ہوئے کہا کہ وہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اللہ نے انہیں فتح سے ہمکنار کیا اور ہم اپنی قوم کو خوشی دینے میں کامیاب ہوئے اور جس طرح پوری قوم نے پوری ٹیم کے لئے دعاکی اور ہمیں اپنی محبت سے نوازا اس سے ہمارے حوصلے بلند ہوئے ہیں ۔ ہماری کوشش ہوگی کہ جیت کا یہ تسلسل قائم رہے جبکہ عید ملن پارٹی میں کیپٹن سرفراز احمد کی تایا زاد بہن سمعیہ نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ فائنل میچ جیتنے کے بعد جب فون پر سرفراز سے بات ہوئی تو اس نے کہا کہ ہماری جیت اللہ کی رحمت سے یقینی ہوئی کیونکہ پاکستانی قوم نے رمضان المبارک میں ہمارے لئے بہت دعائیں کی تھیں۔پی سی جی کے سیکرٹری جنرل ظفرخان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ ہم لوگوں کو تفریح کے بہتر مواقع فراہم کریں اور یہ تبھی ممکن ہو پاتا ہے جب پاکستانی کمیونٹی بھرپور طریقے سے ہمارے ساتھ تعاون کرتی ہو۔ ایونٹس کمیٹی کے کنونیر شمشاد صدیقی نے کہا ہم گزشتہ30 سال سے اپنے قومی اور مذہبی تہواروں پر ایسی شاندار تقریبات کرتے آرہے ہیں۔ سفارت خانہ پاکستان کے نائب سفیر حسن وزیر نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ سفارت ہمیشہ قوم کی خوشیوں میں ساتھ رہا ہے۔ انھوں نے سعودی عرب میں تمام پاکستانیوں کو عید سعید کی مبارکباد دی اور کہا کہ ہم اس موقع پر شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں کیونکہ انہوں نے پاکستان کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا ہے۔ پاکستانی قوم زندہ دل قوم ہے اور اپنے قومی اور مذہبی تہواروں کو اچھے انداز میں منانا جانتی ہے۔ عید ملن پارٹی میں ڈھیروں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔
 

شیئر: