Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہلی کا قریشی کباب کا رنر

نئی دہلی۔۔۔۔جامع مسجد کے علاقے میں گوشت کھانے والوں کیلئے قریشی کباب کارنر پر عید کی وجہ سے بے پناہ رش ہے۔ یہ دکان حاجی عبدالغنی قریشی کے دادا نے قائم کی تھی اور 72سال سے قائم ہے۔ حاجی عبدالغنی کی عمر اسو قت 81سال ہے اور اب ان کے 5بچے دکان چلا رہے ہیں۔ اسے قریشی برادرز کے نام سے بھی جانا جاتاہے۔ عبدالغنی کا کہنا ہے کہ میرے دادا نے یہ دکان شروع کی تھی۔ ان کا نام ’’چھوٹے‘‘تھا۔ لیکن پیار میں انہیں ’’چھوٹے کبابی‘‘کہا جاتا تھا۔ وہ جامع مسجد کے قریب کباب بیچتے تھے۔ انہوں نے اپنے بیٹے کو بھی کباب بنانا سکھایا اور پھر ان کا نام بھی ’’عبداللہ کبابی‘‘بن گیا۔1970میں انہوں نے اپنی دکان کھولی - یہ دکان اردوبازار جامع مسجد روڈ پر واقع ہے۔ عبدالغنی نے بتایا کہ پرانی دہلی میں اسے گلی کبابیاں کہا جاتا ہے اور یہ ہمارے خاندان والوں کے نام پر ہی رکھا گیا۔ 1947میں تقسیم کے وقت اس گلی سے سب لوگ پاکستان چلے گئے۔ صرف ہمارے خاندان نے ہجرت نہیں کی۔ہمارے دادا ہی وہ واحد شخصیت تھے جنہوں نے اس گلی میں کباب کا کاروبار شروع کیا اور اس وقت سے یہ گلی ’’گلی کبابیاں ‘‘کے نام سے مشہور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جو مسالہ استعمال کرتے ہیں وہ کسی کو نہیں بتاتے۔ پہلے ایک سیخ 25پیسے سے ایک روپے میں فروخت کرتے تھے لیکن اب ایک سیخ کی قیمت 20سے 40روپے ہوچکی ہے۔ پہلے توقریبی لوگ دکان پر آتے تھے لیکن اب دوردراز سے لوگ کباب خریدنے آتے ہیں۔ رمضان المبارک میں رش بہت زیادہ ہوجاتا ہے۔ اللہ کے فضل و کرم سے ہم اپنے صارفین کو مزیدار کباب فراہم کرتے ہیں اور یوں بار بار آتے ہیں۔

شیئر: