Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں، اچکزئی

  کوئٹہ ...پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ زمین پھٹے یا آسمان گرے ہر حال میں جمہوری وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔کروڑوں عوام کے ووٹ سے منتخب ہوئے ہیں۔کسی ایک گروہ کے کہنے پر استعفیٰ نہیں دینگے ۔ہمارا اتحاد جمہوریت کے لئے ہے۔ ملک کو چلانے اور بچا نے کے لئے جمہور کی حکمرانی ہو نی چا ہئے ۔ کسی کو بھی جمہوریت کی بساط لپیٹنے نہیں دیں گے۔کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں سازش کی بو آرہی ہے۔جلد سب کچھ سامنے آ جائے گا، ہمارا ملک مزید بحرانوں کا متحمل نہیں ہوسکتا۔تحقیقات ہونی چا ہئے لیکن اس کی آڑ میں جمہوریت کو لپیٹنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔ ملک کے آئین کو چھیڑا گیا تو پشتونخواملی عوامی پارٹی سڑکوں پر ہو گی۔ اگر نوازشریف کے خلاف کرپشن کی تحقیقات ہونی ہے تو آئین اور پارلیمنٹ کے تقدس کو پامال کرنے والوں کے خلاف بھی تحقیقات ہونی چا ہئے ۔کرپشن نے ملک کو تباہی سے دوچار کر دیا۔ کرپشن کو ختم کرنے کے لئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے ۔سپریم کورٹ کے فیصلے تک انتظار کر نا چا ہئے۔جو بھی فیصلہ آئے گا سب کو تسلیم کرنا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کوئی نواز شریف سے پاپولر رہنما نہیں۔ اسلام آباد میں بلاجواز دھرنے دیئے گئے۔ ماضی میں لوگوں نے پارلیمنٹ کی دیواریں توڑ کر وہاں خیمے لگائے۔ ملک میں پارلیمنٹ پر حملہ کیا گیا لیکن اس وقت ملک معمولی غلطی کا بھی متحمل نہیں ہوسکتا۔ آئین اور پارلیمان کی بالا دستی ہوگی تو کوئی بھی پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ اس وقت جمہوریت کے ساتھ سازش ہو رہی ہے۔ اس سازش کو ہر صورت میں ناکام بنائیں گے۔

 

شیئر: