Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیلی فورنیا میں 18 بلیوں کو مارنے کے جرم میں 16 سال قید کی سزاسنادی گئی

واشنگٹن- - - - -امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ہوزے میں عدالت نے ایک شخص کو 18 بلیاں مارنے کے جرم میں 16 سال قید کی سزا سنا دی ہے جبکہ26 سالہ رابرٹ فارمر نے ان بلیوں کے چوری کرنے اور ان پر تشدد کرنے کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔ سانتا کلارا سپیریئر کوٹ میں ایک جج نے ماری جانے والی ہر بلی کا نام اورسزا پڑھ کر سنائی۔ماہرین کے مطابق ایک بلی کے ساتھ زیادتی کے شواہد بھی ملے ہیں۔رابرٹ فارمر نے یہ جرم سان ہوزے میں 2015 میں کیا تھا۔ وہ اسی سال اکتوبر میں ایک مردہ بلی کے ہمراہ اپنی گاڑی میں سویا ہوا پایا گیا تھا اور گاڑی میں بلی کے کچپ بال بھی ملے تھے۔ 2015 میں یہ تمام بلیاں سان ہوزے میں کیمبرین پارک کے علاقے سے لاپتہ ہوگئی تھیں۔ ان میں کئی مردہ حالت میں ملیں جبکہ دو کوڑا دان سے برآمد ہوئی تھیں۔دی مرکری نیوز ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ سکیورٹی کیمرے کی ویڈیو فوٹیج میں ایک شخص کو گوگو نامی 17 سالہ بلی اٹھاتے دیکھا گیا تھا۔ مقامی رہائشیوں نے رابرٹ فارمر کے بارے میں پولیس کو مطلع کیا۔ رابرٹ فارمر نے جانوروں پر ظلم کے 21 جرائم کا اعتراف کیا ہے جن میں 18 بلیوں کو جان سے مار ڈالنا اور تین کو زخمی کرنا شامل تھا۔رابرٹ فارمر کے وکیل نے اس کی جانب سے ایک خط پڑھ کر سنایا جس میں اس نے کہا کہ 'ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ جرائم کسی اور نے کئے ہیں، لیکن میں جانتا ہوں یہ میں ہی تھا۔ یہ سمجھنا بہت مشکل ہے کہ میں نے ایسا کیا۔ یہ حقیقت ہے کہ میں ہوش میں نہیں تھا اور اس کی کوئی توجیح نہیں ہے۔'سانتا کلارا کاؤنٹی کی ڈپٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی الیگزینڈرا ایلس نے یہ خط نرم دلی حاصل کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔اس کے علاوہ رابرٹ فارمر کی قید کی سزا ختم ہونے کے بعد کوئی پالتو جانور رکھنے یا دیکھ بھال کرنے پر بھی10 سال تک پابندی عائد کی گئی ہے اور اسے کیمبرین پارک کے علاقے سے دور رہنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

شیئر: