Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان کے بعد عبادت میں تسلسل، پاک پروفیشنل فورم کی تقریب

ہم اپنی عادت بنا لیں کہ ہر پیر اور جمعرات کو روزہ رکھیں، ڈاکٹر احمد
 
ریاض(ذکاءاللہ محسن)پاک پروفیشنل فورم (پی پی ایف) سعودی عرب کے زیرانتظام ماہ رمضان کے بعد عبادت میں تسلسل کے موضوع پر ایک سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار کے مہمان خصوصی مشہور و معروف سعودی مذہبی اسکالر ڈاکٹر احمد بن سیف الدین اور دارالسلام کے ایم ڈی مولانا عبدالملک مجاہد تھے۔تقریب میں بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔ سیمینار کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت عبدالغفار مجاہد نے حاصل کی۔ بعدازاں عمر علوی نے اپنے خوبصورت انداز میں نظامت کے فرائض سرانجام دئیے۔
ڈاکٹر احمد ابن سیف الدین نے اپنے خطاب میں نہایت ہی عمدہ انداز میں ماہ رمضان کے بعد عبادت میں تسلسل کے موضوع پر مفصل بیان پیش کیا جس کو حاضرین محفل نے بہت سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے اور ہمیں اپنے جسم کا صدقہ 2رکعت نماز اشراق باقاعدگی سے پڑھ کر دینا چاہیے۔ نماز ختم ہوتے ہی لوگوں کی کوشش ہوتی ہے کہ مسجد سے بھاگ جائیں جو کہ سراسر غلط ہے کیونکہ نمازی جب تک اپنے مصلے پر بیٹھا رہتا ہے، فرشتے اس کےلئے دعا کرتے رہتے ہیں۔ رمضان گزر گیا، اب ہم اپنی عادت بنا لیں کہ ہر پیر اور جمعرات کو روزہ رکھیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ رمضان المبارک کا مہینہ رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ ہے لیکن ہمیں سال کے باقی مہینوں میں بھی عبادات کا اہتمام کرنا چاہیے۔ 
مولانا عبدالملک مجاہد کا کہنا تھا کہ مجھے پاک پروفیشنل فورم کے نوجوانوں پر فخر ہے کہ یہ لوگ پوری لگن اور محنت کے ساتھ دین اسلام کی خدمت میں مصروف ہیں۔ یہ ایک صدقہ جاریہ ہے جو ہمارے مرنے کے بعد بھی جاری رہے گا۔ سب مسلمانوں کو چاہئے کہ اپنی نمازوں میں خشوع و خضوع پیدا کریں اور کوشش کریں کہ نماز صف اول میں ادا کریں۔ 
نیئر عبدالرب نے اپنے خطاب میں کہا کہ الحمدللہ رمضان کا مہینہ گزر گیا، اب ہمیں کوشش کرنی چاہئے کہ اپنی عادات کو بدلیں تاکہ پورا سال ماہ رمضان کی طرح گزار یں۔ آخر میں پاک پروفیشنل فورم کے صدر عمران نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور مہمانوں کے لئے پرتکلف عشائیہ کا اہتمام بھی کیا گیا۔
 
 

شیئر: