Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تلنگانہ انجینیئرز ڈے پر نواب علی نواز جنگ کو خراج عقیدت

ریاض (کے این واصف)المنائی ایسوسی ایشن ریاض نے تلنگانہ انجینیئرز ڈے کے موقع پر اپنے وقت کے مایہ ناز انجینیئر نواب علی نواز جنگ بہادر کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ جہاں امسال ان کی 140ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ ریاض میں تلنگانہ انجینیئرز ڈے کے موقع پر منائی گئی اس تقریب میں ریاض ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف انجینیئر محمد عبدالحمید نے سلائیڈ شو کے ذریعہ نواب علی نواز جنگ کی حیات او رکارناموں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ عبدالحمید نے کہا کہ ماقبل آزادی ریاست حیدرآباد دکن میں چھوٹے ، متوسط اور بڑے پیمانہ کے آبپاشی پروجیکٹس کی تعمیر کے ذریعہ انجینیئر علی نواز جنگ نے ریاست کے سوکھے اورزراعت کیلئے ناکافی آبی وسائل والے علاقوں کو نئے اریگیشن پروجیکٹ کے ذریعے سرسبز و شاداب کیا۔ نواب علی نواز جنگ نے اپنے دور میں آج کے علاقے تلنگانہ میں بے شمار پروجیکٹس مکمل کئے۔ ان میں نظام ساگر پروجیکٹ ، کوئل کنٹا پروجیکٹ، پولاورم پروجیکٹس، مانیرو پروجیکٹ، ڈنڈی پروجیکٹ اور سرلا ڈیم وغیرہ شامل ہیں۔ یہ سارے آبی منصوبے آج بھی علاقہ تلنگانہ میں زرعی مقاصد کیلئے پانی کی ضرورتوں کو پورا کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ نواب علی نواز جنگ نے اپنے دور میں یادگار عمارتیں تعمیر کیں مثلاً آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی ہال، جویلی ہال ، باغ عامہ، عثمانیہ جنرل اسپتال، آرٹس کالج عثمانیہ یونیورسٹی اور حیدرآباد ہاؤز(نئی دہلی) وغیرہ شامل ہیں۔ جو آج بھی جاہ حشم کے نشان بنے کھڑے ہیں۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ڈاکٹر حفظ الرحمان ، فرسٹ سیکریٹری سفارت خانہ ہند ریاض نے کہا کہ نواب علی نواز جنگ کے کارنامو ں کی تفصیلات نے انہیں اچنبھے میں ڈال دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی افسانوی شخصیت کی یاد منا کر عثمانیہ یونیوسٹی المنائی ایسوسی ایشن نے ایک قابل ستائش کام کیا ہے۔ انہوں نے ریاض کی دیگر تنظیموں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ موثر شخصیات کو متعارف کرائیں تا کہ نئی نسل کو اپنے اسلاف کے کارناموں کا علم ہو او روہ اس پر فخر کر سکیں۔

شیئر: