Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نہ گالی نہ گولی ، مسئلہ کشمیر گلے لگانے سے حل ہوگا، مودی

نئی دہلی----- وزیراعظم نر یندر مودی نے اس بات کا اعترا ف کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل گالی اور گولی سے نہیں گلے لگانے سے حل ہو گا،ہمیں کشمیر کے معاملے پر مل کر کام کرنا ہو گا تاکہ کشمیر کی جنت کو ہم دوبارہ محسوس کر سکیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم اکیلے نہیں ہیں۔ دنیا کے بہت سے ملک ہماری مدد کر رہے ہیں ،ان خیا لا ت کا اظہا ر انہو ں نےہند کے 70ویں یوم آزادی پر دہلی کے تاریخی لال قلعہ میں قوم سے خطاب کے دورا ن کیا ۔اپنے خطاب کی ابتدا میں ہی انھوں نے گورکھپور کے ایک ہسپتال میں درجنوں بچوں کی ہلاکت پر افسوس ظاہر کیا۔کشمیر کے مسئلے کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا: 'نہ گالی سے اور نہ گولی سے، کشمیر کا مسئلہ گلے لگانے سے حل ہو گا۔انھوں نے کہاکہ ہمیں کشمیر کے معاملے پر مل کر کام کرنا ہو گا (تاکہ) کشمیر کی جنت کو ہم دوبارہ محسوس کر سکیں اور ہم اس کے لیے پرعزم ہیں۔'وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا:نیا انڈیا جمہوریت کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ جمہوریت صرف ووٹ تک محدود نہیں۔ نئے انڈیا کی جمہوریت ایسی ہو گی جس میں نظام کے بجائے عوام سے ملک چلے گا۔نریندر مودی نے کہا کہ دہشت گردی کے معاملے پر نرمی برتنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔انھوں نے پاکستان کا نام لیے بغیر کہا کہ 'جب سرجیکل آ سٹرائیکس ہوئیں تو دنیا نے ہماری طاقت کو تسلیم کیا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم اکیلے نہیں ہیں۔ دنیا کے بہت سے ملک ہماری مدد کر رہے ہیں۔انھوں نے اپنی حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 'کالے دھن اور بدعنوانی کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔ہم ٹیکنالوجی کے ساتھ شفافیت لانے کی سمت میں کام کر رہے ہیں۔'ملک میں نوٹ بندی کے اپنے فیصلے پر انھوں نے کہا:نوٹ بندی سے ہم نے کالے دھن کو کنٹرول کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ تقریباً تین لاکھ کروڑ روپیہ بینکاری نظام میں واپس آیا۔انھوں نے کہاکہ ملک کی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے، ملک کے خلاف ہونے والے ہر سازش کچلنے کےہم اہل ہیں۔انڈیا میں اقلیتوں کے خلاف تشدد کے واقعات میں اضافے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ عقیدے کے نام پر تشدد کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ ملک امن، اتحاد اور خیر سگالی سے چلتا ہے۔ سب کو ساتھ لے کر چلنا ہماری تہذیب اور ثقافت ہے۔'انھوں نے کہا کہ ایک وقت بھارت چھوڑو کا نعرہ تھا اور آج بھارت جوڑو کا نعرہ ہے۔انھوں نے تین طلاق کے معاملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے خلاف لڑنے والی خواتین کی مدد کی جائے گی۔

شیئر: