انڈیا کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں جاری تصادم میں ایک پولیس اہلکار اور تین مبینہ شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلعے میں ایک ہند مخالف ریلی پر پولیس کے حملے میں تقریباً 80 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ تقریباً 20 مظاہرین کو پولیس نےحراست میں لے لیا ہے۔
حکام نے بتایا ہے کہ زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں لے جایا گيا ہے۔
انڈین خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے فوج کے حوالے سے بتایا ہے کہ انھوں نے کشمیر کے نوگام سیکٹر میں کنٹرول لائن کے قریب شدت پسندوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔
سرکاری ٹی وی چینل دور درشن کے مطابق پونچھ میں سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان تصادم جاری ہے۔







