Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئی ٹیسٹ رینکنگ : انگلینڈ تیسرے نمبر پر،معین علی کی چوتھی اور اظہر علی کی چھٹی پوزیشن

 
 دبئی :جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں فتح سے انگلینڈنے ٹیم رینکنگ میں آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کرلی ہے جبکہ ہندوستانی بیٹسمین اجنکیا رہانے نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں عمدہ بیٹنگ کے ذریعے پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی کی چھٹی پوزیشن پر چھین لی۔ اظہر علی گزشتہ ہفتے چھٹے نمبر پر تھے تاہم اب وہ پھر آٹھویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اظہر علی بغیر کسی میچ میں شرکت کئے صرف پوائنٹس کی تعداد میں ردوبدل کی وجہ سے رینکنگ میں تنزلی اور ترقی کا شکار ہو رہے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ہند، سری لنکا کے دوسرے ٹیسٹ اور انگلینڈ، جنوبی افریقہ سیریز کے اختتام پر نئی رینکنگ کا اجرا ءکیا۔ سیریز میں 3-1سے کامیابی نے انگلینڈ کو آسٹریلیا سے آگے بڑھنے کا موقع فراہم کر دیا اور انگلش ٹیم اب تیسرے نمبر پر آچکی ہے۔ اس فتح سے انگلینڈ کے رینکنگ پوئنٹس میں 5کا اضافہ ہوا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم اس سیریز میں شکست کے نتیجے میں 12پوائنٹس سے محرومی کے باوجود ابھی بدستور دوسرے نمبر پر ہے جبکہ ہندوستانی ٹیم نے سری کے خلاف سیریز 2ٹیسٹ جیت کر اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کرلی ہے۔آسٹریلیا کی ٹیم اب چوتھے نمبر پر ہے جو بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں اچھی کارکردگی سے رینکنگ بہتر بنا سکتی ہے۔نیوزی لینڈ، پاکستان، سری لنکا،ویسٹ انڈیز ، بنگلہ دیش اور زمبابوے با لترتیب 5ویں سے10ویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔بیٹسمینوں میں آسٹریلیا کے کپتان اسٹیون اسمتھ پہلے،انگلینڈ کے کپتان جوئے روٹ دوسرے اور ہند کے چتیشواڑ پجارا ایک درجے ترقی کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن اور ہند کے کپتان ویراٹ کوہلی بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔اجنکیا رہانے5درجے ترقی کرتے ہوئے چھٹے،جونی بیئر اسٹو2درجے اوپر آ کر ساتویں، اظہر علی2درجے تنزلی کے بعد آٹھویں، ہاشم آملہ ایک درجے ترقی کرکے نویں نمبر پر آگئے۔ ڈیوڈ وارنر 3درجے تنزلی کے نتیجے میں 10نمبر پر چلے گئے ہیں۔بولرز میں ہند کے رویندر جڈیجہ پہلی پوزیشن کےساتھ آل راونڈر کے طور پر بھی پہلے نمبر پر آگئے جبکہ معین علی آل راونڈرز میں نمایاں ترقی کرکے کیریئر کی بہترین چوتھی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ٹیسٹ بولرز اور آل راونڈر کی ابتدائی 10پوزیشنوں میں کوئی پاکستانی کھلاڑی موجود نہیں۔
 

شیئر: