Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

17 لاکھ 35 ہزار عازمین مملکت آچکے ،پہلا مرحلہ مکمل، ڈائریکٹر جنرل جوازات

جعل سازی کے 64 کیس ریکارڈ کئے ، بریگیڈئرجنرل سلیمان الیحییٰ کا پریس کانفرنس سے خطاب
جدہ (ارسلان ہاشمی) ڈائریکٹر جنرل جوازات بریگیڈئیر جنرل سلیمان الیحییٰ نے کہاہے کہ عازمین کی آمد کا پہلا مرحلہ تقریباً مکمل ہو چکا ۔ اب تک 17 لاکھ 35 ہزار 391 عازمین مملکت پہنچ چکے ۔ فضائی ذریعے سے آنے والوں کی تعداد 16 لاکھ 31 ہزار 979جبکہ بری راستے سے 88 ہزار 585 اور سمندری ذریعے سے 14 ہزار 827 شامل ہیں ۔ ایوان صنعت و تجارت میں منعقد ہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل جوازات نے مزید کہا کہ قانون پر عمل کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے ۔ ہمارا فرض ہے کہ قوانین پر عمل کریں ۔ مملکت کے دیگر شہروں میں مقیم غیر ملکی کارکنوں کو دوران حج مکہ مکرمہ اورمشاعر مقدسہ جانے کےلئے 73ہزار 488 پرمٹ جاری کئے گئے ۔ ہماری کوشش ہے کہ آئندہ برس سے ڈیجیٹل پرمٹ جاری کئے جائیں ۔ بریگیڈئیر جنرل الیحی نے مزید کہا کہ جوازات کے کاﺅنٹرز پر انسداد جعل سازی کے لئے 847 جدید ترین آلات نصب کئے گئے ہیں جن کے ذریعے پاسپورٹ ، ویزے اور دیگر دستاویزات کی جعل سازی کا فوری اور باریک بینی سے انکشاف کر سکتے ہیں ۔ڈی جی جوازات نے مزید کہا کہ اب تک حج پر آنے والے جعل سازی کے 64 کیس ریکارڈ کئے گئے ۔ جعل سازی کے کیسوں میں ایسے افراد شامل تھے جنہوں نے پاسپورٹ پر تصویر تبدیل کی تھی یا دیگر ناموں سے حج ویزے پر مملکت میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے ۔ ایک ایسا کیس بھی سامنے آیا جسے 2007 میں مملکت سے ڈی پورٹ کیا گیا تھا، وہ کسی اور نام سے حج ویزے پر مملکت میںداخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا ۔ جعل سازی کے تمام کیسوں کی نشاندہی انتہائی جدید آلات سے ممکن ہو سکی ۔ مملکت کی تمام بری ، فضائی اور سمندری چیک پوسٹوں پر جوازات کاﺅنٹرز پر انتہائی حساس آلات نصب کئے ہیں تاکہ جعلسازی کو ہر سطح پرروکا جاسکے ۔ جنرل الیحیی نے مزید کہا کہ امسال امیگریشن کاﺅنٹرز پر خدمات کو بہتر بنانے کےلئے خواتین اہلکاروں کو بھی متعین کیا گیا ہے ۔ ہمار ا نصب العین ضیوف الرحمان کو ہر طرح کا آرام پہنچانا اور خدمات کو بہتر کرنا ہے جس کےلئے آراءاور تجاویز کا ہمیشہ خیر مقدم کرتے ہیں ۔ محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کی جانب سے خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کی غرض سے مملکت کی تمام سرحد ی چیک پوسٹوں پر کلوز سرکٹ کیمروں کی تنصیب کی گئی ہے جس کی باقاعدہ مستقل بنیادوں پرنگرانی کی جاتی ہے ۔ جوازات کی جانب سے مملکت کے وژن 2030 کو مدنظررکھتے ہوئے خدمات کا معیارمزید بہتر بنانے کےلئے امسال تجرباتی طورپر ملائیشیا کے 1692 عازمین کو انکے ملک میں ہی امیگریشن کی سہولت فراہم کی گئی تاکہ مملکت پہنچ کر انہیں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ پیشگی امیگریشن کے دائرہ کارکو بڑھانے کے سوال پر بریگیڈئر جنرل کا کہنا تھا کہ اس کا فیصلہ بعد میں کیا جائیگا ۔ امسال اب تک سلویٰ چیک پوسٹ سے 1340 قطری شہری مملکت میں داخل ہوئے جو حج کے ارادے سے مملکت آئے ہیں ۔ حج پرمٹ کے بغیر لوگوں کو مشاعر لے جانا قانون شکنی ہے جس سے ہر ایک کو اجتناب برتنا چاہئے اس حوالے سے جوازات نے مالی جرمانے اور قید کی سزا مقرر کی ہے جس کے مطابق بغیر حج پرمٹ کے لوگوں کو مشاعر مقدسہ لے جانے والے پر 10 ہزار ریال فی فرد جرمانہ ہو گا جبکہ 15 دن جیل کی سزابھی دی جائے گی۔ اگر ڈرائیور غیر ملکی ہو گا تو اسے ملک بدر کر دیاجائے گا ۔ مکہ مکرمہ میں داخل ہونے والے تمام راستوں پر قائم چیک پوسٹوں پر اضافی عملہ متعین کیا گیا ہے تاکہ حج پرمٹ کے بغیر کوئی مشاعر مقدسہ میں داخل نہ ہو ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قانون سب کےلئے مساوی ہے۔ ہر ایک کو قانون کا احترام کرنا چاہئے تاکہ بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ 

شیئر: