Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قذافی اسٹیڈیم سیکیورٹی کیلئے رینجرز کے حوالے

لاہور:قذافی ا سٹیڈیم لاہور کو رینجرز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ قذافی ا سٹیڈیم ، نشترا سپورٹس کمپلیکس ، اسٹیڈیم کے گرد تمام علاقے کو نو گو ایریا بنا دیا گیا۔ا سٹیڈیم کے اردگرد سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ا سٹیڈیم کے گرد ریسٹورنٹ اور دکانوں کو 9سے 15ستمبر تک بند کر نے کی ہدایت جاری کر دی گئی جبکہ ریسٹورنٹ اور دکانوں کے کوائف پولیس کو جمع کر وادئیے گئے ہیں ۔ اسٹیڈیم کے اطراف تمام دکانوں کو سیل کر دیا گیا، تمام دکانوں سے ایل پی جی اور گیس سیلنڈر ہٹا دیئے گئے۔ اسٹیڈیم کے گردونوح میں مو جود ٹوٹ پھوٹ کی شکار سڑکوں کی حالت بھی بہتر کی جا رہی ہے اور اسٹیڈیم کو آنے والے تمام راستوں پر جدید کیمرے پہلے سے نصب کر دئیے گئے ہیں۔ ورلڈ الیون کی ٹیم11ستمبر کو لاہور پہنچ رہی ہے جس کے لئے ایئر پورٹ سے ہوٹل اور ا سٹیڈیم تک خصوصی سیکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ ادھر آزادی کپ کرکٹ سیریز کیلئے بین الاقوامی مہمانوں کی آمد شروع ہو گئی ،آئی سی سی میچ ریفری رچی رچرڈسن لاہور پہنچ گئے ۔ وہ ورلڈالیون سیریزمیں ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔ ورلڈالیون اورپاکستان کے درمیان میچ 13،12اور15 ستمبر کو کھیلے جائیں گے، امپائرز پینل کا پہلے ہی اعلان کیاجا چکا ہے۔ نامور امپائر علیم ڈار اور احسن رضا پہلا میچ سپروائز کریں گے۔دوسری جانب ورلڈ الیون سے مقابلے کےلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں ، کھلاڑیوں نے قذافی اسٹیڈیم میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی خوب پریکٹس کی جبکہ پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون کے کھلاڑی دبئی پہنچنا شروع ہوگئے ہیں، غیر ملکی کرکٹرز دبئی میں انٹرنیشنل ہوٹل میں مختصر قیام کریں گے اور پیر کو پاکستان آئیں گے۔ آسٹریلوی آل راونڈ بین کٹنگ بھی پاکستانیوں کے درمیان آنے کے لئے بے تاب ہیں۔ورلڈ الیون کے کوچ اینڈی فلاور اور ڈیرن سامی دورہ پاکستان کے حوالے سے جلد میڈیا ٹاک کریں گے جبکہ ہاشم آملہ اور گراینٹ ایلٹ بھی اپنے جذبات کا اظہار کریں گے۔ورلڈ الیون اتوار کو دبئی میں باقاعدہ ٹریننگ بھی کرے گی۔ اسٹیڈیم میں صفائی اور رنگ و روغن کا کام تو پہلے ہی مکمل ہو چکا تھا۔ اب گراونڈ میں وکٹ کی تیاری اور گھاس کی کٹائی بھی مکمل ہوگئی ہے۔ تاریخی کرکٹ سیریز کیلئے پی سی بی نے تمام تیاریوںکو حتمی شکل دے دی ہے۔

شیئر: