Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روہنگیا مصیبت زدگان کیلئے15ملین ڈالر امدادکی منظوری

جدہ:سعودی کابینہ نے15محرم 1425ھ کو جاری شدہ انکم ٹیکس قانون میں ترامیم کی منظوری دیدی۔ عملدرآمد منظوری کے بعد آنے والے مالی سال کے شروع سے ہوگا۔سعودی کابینہ نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوںکے قتل عام ، وحشیانہ حملوں، نسلی تطہیر اور دہشتگردانہ تباہی و بربادی کے واقعات کی مذمت کردی۔خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے نسلی تطہیر اور جبری تشدد کے دوزخ سے نجات حاصل کرنے کیلئے فرار ہونے والے روہنگیا  مسلمانوں کیلئے 15ملین ڈالر مختص کردیئے۔سعودی کابینہ کا اجلاس منگل کو جدہ کے قصر السلام میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالی کے فضل وکرم کی بدولت ضیوف الرحمان نے امن وامان اور سکون و اطمینان کیساتھ حج کے فرائض ادا کئے۔سعود ی عرب کو حرمین شریفین اور مشاعر مقدسہ کی خدمت کا اعزاز بخشنے پر ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔ اس پر ہم اسکی جتنی حمد و ثناء بیان کریں کم ہے۔ بانی مملکت کے عہد سے لیکر تاحال سعودی عرب کے تمام حکمراں ضیوف الرحمان کی خدمت کیلئے مادی و افرادی وسائل وقف کئے ہوئے ہیں۔ سعودی عرب شروع سے لیکر اب تک ہر سال حج ، عمرہ اور زیارت کی خدمات کو بہتر سے مزید بہتر بنانے کیلئے کوشاں رہا ہے۔ آئندہ بھی اپنا یہ مشن جاری رکھے گا۔ شاہ سلمان نے کہا کہ  مختلف ممالک کے حجاج اور عہدیداروںنے حج موسم کی کامیابی کے حوالے سے جس قدرو منزلت اور ممنونیت کا اظہار کیا  وہ ہمارے لئے  باعث فخر ہے۔ امسال حاجیو ںکی 26فیصد زیادہ رہی۔ اللہ کے فضل و کرم سے حجاج کو تمام خدمات اور سہولتیں مہیا رہیں۔ امن و امان، صحت ،نظم و ضبط ، امراض اور وبائوں سے پاک موسم کا گزر جانا رب کے شکر کا مستحق ہے۔
 

شیئر: