Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سینیٹر سحر کامران کی سعودی سفیر سے ملاقات، یوم الوطنی کی مبارکباد

 اسلام آباد..... سینیٹ میں پاک سعودی فرینڈ شپ گروپ کی کنوینر سینیٹر سحرکامران نے سعودی عرب کے 87 ویں قومی دن کے موقع پر پاکستان میں سعودی سفیر ایڈمرل ( ر) نواف بن سعد المالکی سے ملاقات کی اور انہیں یوم الوطنی کی مبارک باد پیش کی ۔ سحرکامران نے اس یقین کااظہار کیا کہ دونوں برادر ممالک کے مابین قائم تعلقات میں مزید اضافہ ہو گا ۔ انہو ںنے مزید کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے مابین مشترکہ مذہب کا اٹوٹ رشتہ ہے جو ابد تک قائم رہے گا ۔ دونوں برادر ممالک نے ہر موقع پر ایک دوسرے کے ساتھ بھر پور تعاون کیا جو مثالی تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں ۔ سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں پاکستانیوں کا کردار بھی مثالی ہے ۔ مستقبل میں بھی دونوں برادر ملک اسی طرح کام کرتے رہیں گے ۔ سینیٹر سحر کامران نے سعودی عرب کے قومی دن کے حوالے سے کہا کہ مملکت عالم اسلام کا مرکز ہے ۔ سرزمین حرمین کی عظمت و محبت سے ہر پاکستانی سرشار ہے ۔ حرمین کے استحکام اور سلامتی کے لئے ہمیشہ دعا گو ہیں ۔ سعود ی سفیر سے ملاقات میں دونوں برادر ملکوں کے ایوان بالا کے تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس سے دونوں ملکوں کے مابین عوامی اور اعلی سطح پر تعلقات مزید مستحکم ہونگے ۔ قبل ازیں سینیٹر سحر کامران نے یوم الوطنی کے حوالے سے اردونیوز کو اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے مابین مثالی تعلقات قائم ہیں ۔ سرزمین حرمین ہر مسلمان کے لئے قابل احترام ہے ۔ ہر پاکستانی حرمین کی تحفظ اور استحکام کےلئے دعا گو ہے ۔ سعودی عرب کا استحکام اور سلامتی ہمارے لئے انتہائی اہم ہے ۔ مملکت میں کام کرنے والے ہم وطن مملکت کے قوانین کا خیال رکھیں ۔ خود کو کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہ کریں ۔ سعودی عرب میں رہنے والا ہر پاکستانی وطن عزیز کا سفیر ہے ۔ اس امر کا خیال رکھیں کہ انفرادی عمل کا اثر قومی ساکھ پر پڑتا ہے ۔ سینیٹر سحر کامران نے مزید کہا کہ امسال سعودی حکومت کی جانب سے حج انتظامات مثالی رہے ۔ حرمین کی عظیم الشان توسیع کے باعث حجا ج کرام کو بے پناہ سہولت ملی ۔ انہوں نے مملکت کے وژن 2030 کے حوالے سے کہا کہ مستقبل کی منصوبہ بندی مثالی ہے اس سے مملکت میں ترقی کے مزید دروازے کھلیں گے ۔ 

شیئر: