Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

باکسر محمد وسیم نے انٹرنیشنل رینکنگ فائٹ جیت لی

پانامہ سٹی:پاکستان کے پہلے پروفیشنل اور مایہ ناز باکسر محمد وسیم نے پروفیشنل کیرئیر میں ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے انٹرنیشنل رینکنگ فائٹ جیت لی۔ محمد وسیم نے پانامہ میں ہونے والے باکسنگ مقابلے میں کارلوس میلوکو ناک آوٹ کرتے ہوئے ورلڈ باکسنگ کونسل کے زیر اہتمام ہو نے والی انٹرنیشنل رینکنگ فائٹ میں کامیابی حاصل کی اور پہلے راونڈ میں ہی مخالف کو ناک آوٹ کرکے فلائی ویٹ کیٹیگری کی عالمی رینکنگ میں نمبر ون ہونے کا اعزاز برقرار رکھا۔ یہ محمد وسیم کے پروفیشنل کیریئر کی آٹھویں فائٹ اور مسلسل ساتویں کامیابی ہے۔ پانامہ سے تعلق رکھنے والے باکسر کارلوس کی یہ 44 ویں فائٹ تھی تاہم محمد وسیم نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے سے زیادہ تجربہ کار کھلاڑی کو شکست سے دوچار کیا۔ 8راونڈز پر مشتمل فائٹ کے پہلے راونڈ سے محمد وسیم اپنے مخالف باکسر کے مقابلے میں انتہائی پر اعتماد اور پرجوش دکھائی د یئے۔ 30 سالہ محمد وسیم کی رواں سال یہ تیسری فائٹ تھی۔ انہوں نے جولائی میں پانامہ کے ہی 2باکسرز ایوان ٹریجوس اور ایلیسر والڈیز کو بھی شکست دی تھی۔ورلڈ باکسنگ کونسل کی عالمی رینکنگ میں محمد وسیم فلائی ویٹ کیٹیگری میں پہلے، میکسیکو کے باکسر فرانسسکو روڈریگوئز جونیئر دوسرے اور برطانوی باکسر اینڈریو سیلبی تیسرے نمبر پر ہیں۔ محمد وسیم یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی باکسر ہیں۔ کوئٹہ سے تعقل رکھنے والے محمد وسیم پروفیشنل باکسر بننے کے بعد امریکہ کے شہر لاس ویگاس میں مقیم ہیں جہاں وہ مشہور باکسر فلائیڈ مے ویدر کے ٹریننگ سینٹر میں ٹریننگ کرتے ہیں۔ فلائیڈ مے ویدر کے چچا جیف مے ویدر ان کے ٹرینر ہیں۔محمد وسیم کے پروموٹر نے کہا کہ پاکستانی باکسر کی نظریں اب گولڈ فلائی ویٹ ورلڈ چیمپیئن بننے پر مرکوز ہیں۔ وہ موجودہ عالمی چیمپیئن جاپان کے ڈیاگو ہیگا کو چیلنج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔مقابلے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں محمد وسیم نے اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والدین کی دعائیں اور کوچ و ٹرینر کی محنت رنگ لائی اور میں نسبتاً جلد اور آسانی سے یہ مقابلہ جیتنے میں کامیاب ہو گیا۔ محمد وسیم نے کہا کہ وہ اس مقابلے کےلئے بھرپور تیاری کئے ہوئے تھے اور اس کامیابی سے ان کا اعتماد اور حوصلہ مزید بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا اگلا مقابلہ کولمبیا میں ہوگا جس کے بعد وہ ورلڈ باکسنگ کونسل کے گولڈن ٹائٹل کے رنگ میں اتریں گے۔

شیئر: