Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانیہ میں 3سال کے دوران ہزاروں جانوروں کی ہلاکت

لندن..... برطانیہ میں گزشتہ 3سال کے دوران 10ہزار جانوروں کا سفاکانہ قتل عام ہوا ہے جسے انتظامیہ ہلاکت کہہ رہی ہے۔ حقوق حیوانات کے نگراں اداروں کا کہناہے کہ ہلاک کئے جانے والے 10ہزار جانوروں میں 2657خرگوش اور 1221 کوے شامل ہیں۔ ماہرین کا کہناہے کہ ان جانوروں کو طرح طرح سے مارا گیا ہے۔ یعنی جن جانوروں کو براہ راست ہلاک نہیں کیا گیا یا گولی نہیں ماری گئی ان کو بھوکا رکھ کر مار دیا گیا ۔ وہ بیمار پڑے تو ان سے غفلت برت کر انہیں ماردیا گیا او راس طرح ہلاک ہونے والے جانوروں میں 1734ہرن، 330لومڑیاں ، 268 بطخیں اور ایک ہزار فاختائیں اور کبوتر شامل ہیں۔ ان اطلاعات کے سامنے آنے کے بعد رائل پارکس کی انتظامیہ نے اپنی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہت سے جانور مسائل پیدا کرتے ہیں مگر ایسے جانوروں کی تعداد اس تیزی سے بڑھتی ہے کہ اگر انہیں وقتاً فوقتاً کم نہ کیا جاتا رہے تو پارکوں اور آس پاس رہنے والے لوگوں اور پارک آنے والوں کیلئے یہ خطرہ اور مصیبت بن سکتے ہیں۔ بیشتر جانور ہائڈ پارک اور رچمنڈ پارک کے کھلے علاقوں میں ہلاک کئے گئے۔ حقوق حیوانات کے ادارے پارک انتظامیہ کی وضاحت سے مطمئن نہیں اور وہ اسکے خلاف مختلف کارروائیاں کرنے پر غور کررہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق پارک رینجرز نے اپنی حدود میں 8کھلی جگہوں پر ان جانوروں کو ہلاک کیا۔ لوگوں کا کہناہے کہ جانوروں کو بھوکا رکھنے کیلئے انتظامیہ نے پارکوں کی سیر و سیاحت کیلئے آنے والے لوگوں کو بھی ان جانوروں کو کچھ کھلانے پلانے سے بازرکھا۔ حقوق حیوانات کے لئے فلاحی کام کرنے والی دیگر انجمنوں کا بھی کہنا ہے کہ انتظامیہ نے ان سفاکانہ ہلاکتوں کی جو توضیح پیش کی ہے وہ قابل قبول نہیں۔

شیئر: