Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حارث سہیل کا نیا عالمی ریکارڈ ، ایک اوور کے اسپیل میں 3وکٹیں

دبئی: پاکستانی آل راونڈر حارث سہیل نے بولنگ میں بھی نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔سری لنکا کے خلاف دبئی میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں حارث سہیل نے ایک اوور کے بہترین اسپیل کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔میچ کے چوتھے دن سری لنکا کی دوسری اننگز کے 26ویں اوور میں کپتان سرفراز احمد نے انہیں بولنگ کیلئے متعارف کرایا تو مہمان ٹیم نے7 وکٹ کے نقصان پر 95 رنز بنائے تھے۔ حارث نے کپتان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے اپنے اوور کی پہلی ہی گیند پر رنگانا ہیرتھ کو آوٹ کرنے کے بعد چوتھی گیند پر وکٹوں کے عقب میں موجود سرفراز کی مدد سے مینڈس کو بھی چلتا کردیا۔اوور کی آخری گیند پر انہوں نے نووان پردیپ کو بھی پویلین واپسی پر مجبور کردیا جو وکٹوں کے سامنے پیڈ لا کر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوئے ۔ سری لنکن ٹیم کی اننگز 96 رنز پر تمام ہوئی وہیں اوور میں ایک رنز کے عوض3 وکٹیں لینے والے حارث سہیل نے نیا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی اننگز میں ایک اوور کا سب سے بہترین اسپیل ہے۔اس سے قبل یہ ریکارڈ سابق ویسٹ انڈین بلے باز رام نریش سروان کے پاس تھا جنہوں نے 2002ءمیں ہند کے خلاف برج ٹاون ٹیسٹ میں ایک اوور میں ایک رن دے کر2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔

شیئر: