Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تعدد زوجات پر مردوں کو مجبور کرنیکا مطالبہ

ریاض .... سعودی خواتین نے مطالبہ کیا ہے کہ معمر کنواریوں کے مسئلے سے معاشرے کو نجات دلانے کیلئے مردوں کو تعدد زوجات پر مجبور کیا جائے۔بعض خواتین نے تجویز کیا ہے کہ تعدد زوجات پر کسی کو مجبور تو نہ کیا جائے البتہ اس سلسلے میں ترغیب کا سلسلہ اختیار کیا جائے۔ خواتین کی اس تحریک نے سوشل میڈیا پر من چلوں کے حلقوں میں ہنگامہ برپا کردیا ہے۔ بعض لوگوں نے اسے توجہ طلب مثبت رجحان قرار دیا تو دیگر نے اسے ہنسی مذاق کا موضوع بنالیا۔ ایک پُرجوش خاتون نے ٹویٹر پر ”تعدد زوجات پر مجبور کرنے کا مطالبہ“ کے عنوان سے ہیش ٹیگ کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ خاتون نے اس مطالبے کی بابت رائے طلب کی ہے۔ اسکا کہناہے کہ اگر تعدد زوجات پر مردوں کو مجبور کیا جائیگا تواس سے معمر کنواریوں کا مسئلہ حل ہوجائیگا۔ ام نرگس نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ”بخدا اگر مرد لائق فائق ہوں، لڑکی کی عمر زیادہ ہوگئی ہو تو ایسا کیوں نہیں ہوسکتا؟مناسب رائے ہے۔ اس سے ہماری بہنوں کا بوجھ بھی ہلکا ہوگا ا ور ہمارے مرد بھائیو ںکو انحراف سے تحفظ ملے گا۔ سب ایک دوسرے کا دست و بازو بنیں گے“۔ حنادی الشمری نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ”میں اس تجویز کے خلاف ہوں ۔شادی کا مقصد پیار محبت کرنے والے خاندان کی تشکیل ہے۔ اس طرح کی شادی 2سال تک زندہ رہیگی اس کے بعد اپنی موت آپ مر جائیگی“۔ محمد نامی ایک شہری نے تعدد زوجات پر مجبور کرنے والے تصور کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ بخدا مجبوری کی شادی مسائل کو جنم دیگی۔ اگر شوہر نے ایک اور شادی کرلی تو وہ مجبوری کی شادی کہلائے گی۔ پہلی بیوی احتجاج بھی نہیں کرسکتی“ ۔بہت سارے لوگوں نے اس تجویز کی سختی سے مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ مردوں کا مسئلہ تو یہ ہے کہ دنیا بھرکی خواتین اگر کسی مرد کے نکاح میں دیدی جائیں اور کوئی عورت باقی بچ جائے تب بھی وہ یہی کہے گا کہ میں اسے بھی اپنے نکاح میں لینا چاہتا ہوں۔“
 

شیئر: