Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان عوامی سوسائٹی کویت کے زیر اہتمام یوم اقبال

ویلفیئر اتاشی ڈاکٹر عمر جاوید کے علاوہ کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی،اقبال کی فکر کو ترویج دینے کی ضرورت ہے، مقررین
     کویت(محمد عرفان شفیق) پاکستان عوامی سوسائٹی کویت کے زیرِاہتمام شاعرِ مشرق علامہ محمداقبال ؒ کے 140ویں یومِ ولادت کے موقع پر ’’یادِ اقبال‘‘ کی ایک پْر وقار تقریب کا انعقاد ہوا، جس میں سفارت خانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی ڈاکٹر عمر جاوید کے علاوہ کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
    تقریب کا آغاز حافظ توقیر احمد اور حافظ غفور احمدکی تلاوتِ قرآن حکیم سے ہوا، جبکہ نعتِ رسول کی سعادت آفتاب گوندل نے حاصل کی۔محمد حنیف قریشی، میاں محمد آصف اور کاشف کمال نے پروگرام کی نظامت کرتے ہوئے علامہ اقبالؒ کی شخصیت اور افکار کے اہم گوشوں کا احاطہ کیا۔
    سفارت خانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی ڈاکٹر عمر جاوید،ا نٹرنیشنل اسکول و کالج آف پاکستان کی وائس پرنسپل مسز عظمیٰ عامر،  عثمان حنیف اورمیاں وسیم سجادنے فکرِ اقبال کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب میں معروف مذہبی اسکالر تسلیم صابری نے  علامہ اقبالؒ کے کلام’’ شکوہ،جواب شکوہ‘‘ جبکہ رضوان بھٹی اور ظفر غوری نے علامہ اقبالؒ  کے معروف کلام کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ پیش کیا۔ نو مسلم اسکالر سمیوئیل شروپ شائر، ماہرِ اقبالیات پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمن، نامور صحافی اور ورلڈ کالمسٹ کلب کے چیئرمین حافظ شفیق الرحمن اور جگر گوشۂ اقبال ؒ منیب اقبال نے تقریب کے شرکاء سے خصوصی خطاب فرماتے ہوئے اقبال کی فکر کو ترویج دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
     پاکستان عوامی سوسائٹی کویت کے پروگرام آرگنائزر عطا الہٰی نے علامہ اقبالؒ کے کلام اور ان کی نادر و نایاب تصاویر پر مبنی ڈاکومینٹری پیش کی، جسے شرکائے محفل نے خوب سراہا۔ سید جعفر صمدانی،صدر پاکستان عوامی سوسائٹی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال ؒ کی فکر اور تصور ہی پاکستان کی بنیاد ہے۔وہ پاکستان کے ذریعے امت مسلمہ کے اتحاد اور دنیا میں امن کے خواہاں تھے۔     حاجی عبدالرشید نے مسلمانوں کے باہمی اتحاد اور پاکستان کی سربلندی کے لئے اللہ پاک کے حضور دعا فرمائی۔
    تقریب کا اختتام پْرتکلف عشائیہ سے ہوا۔
 

شیئر: