Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سندھ میں جانوروں کی رجسٹریشن ہوگی،بل منظور

کراچی..سندھ اسمبلی نے جمعرات کو جانوروں کی رجسٹریشن اور تجارت سے متعلق بل منظور کرلیا ۔ یہ قانون سندھ لائیو اسٹاک رجسٹریشن اینڈ ٹریڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 کہلائے گا ۔ اس ایکٹ کے تحت صوبے میں لائیو اسٹاک رجسٹریشن اینڈ ٹریڈ اتھارٹی قائم کی جائے گی ۔ یہ اتھارٹی صوبے میں بین الاقوامی معیار کے مطابق جانوروں کی رجسٹریشن اور شناخت کا نظام وضع کرے گی ۔ اس نظام کے تحت جانوروں کے بارے میں پتہ چل سکے گا کہ وہ کہاں ہیں ۔ اتھارٹی اس امر کو یقینی بنائے گی کہ بین الاقوامی معیارات کے مطابق جانور وں کی پیداوار ، تجارت اور مارکیٹنگ ہو ۔ جانوروں کی شناخت کے لئے ان کے ساتھ ایک آلہ لگایا جائے گا ، جو ان کے لئے نقصان دہ نہیں ہو گا اور آسانی سے ہٹایا جا سکے گا ۔ اتھارٹی جانوروں کی رجسٹریشن کرے گی اور سینٹرل کمپیوٹر ڈیٹا بیس قائم کرے گی ۔ مالکان اپنے جانور رجسٹرڈ کرائیں گے۔ اس حوالے سے انہیں سہولتیں اور معلومات فراہم کی جا ئیں گی ۔ جانوروں کی پیدائش کے وقت ہی ان کی رجسٹریشن اور شناخت کے لئے کارروائی کرنی ہو گی ۔ کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا بیس میں جانوروں کی پیدائش و اموات کا اندراج ہوگا۔ہر جانور کو مخصوص شناختی کوڈ جاری کیا جائے گا اور انہیں مذبح میں لانے پر اتھارٹی کو اطلاع دینا لازمی ہوگی۔ لائیو اسٹاک اتھارٹی جانوروں کی ویلفیئر اور نیوٹریشن پر کام کرے گی ۔ قصابوں کی تربیت اور ان کی رجسٹریشن ہوگی۔ درآمد شدہ جانوروں کی بھی رجسٹریشن اور شناخت ہو گی ۔ جانوروں کی نقل و حمل کے لئے اتھارٹی دستاویزات جاری کرے گی ۔ دیگر صوبوں سے سندھ میں لائے جانے والے جانوروں کے بارے میں بھی اتھارٹی شرائط اور طریقہ کار طے کرے گی ۔

شیئر: