Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اوبر کی ویب سائٹ پرہیکرز کاحملہ، ڈیٹا چوری

 لندن .....  انکشاف ہوا ہے کہ دنیا بھر میں ٹیکسی سروس مہیا کرنے والی کمپنی اوبر کی ویب سائٹ پر سائبر حملہ کیا گیا جس سے5کروڑ 70 لاکھ صارفین اور ڈرائیوروں کا ڈیٹا چوری ہو گیا۔ کمپنی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ واقعہ گزشتہ برس اکتوبر میں پیش  آیا اور دو ملازموں کو برطرف کرنا پڑا۔  میڈیا رپورٹ کے مطابق ہیکروں کو ایک لاکھ ڈالرز ادا کرنے کے بعد ڈیٹا بچایا گیا۔ کمپنی کے سی ای او دارا خسرو شاہی نے ایک بلاگ میں کہا ہے کہ واقعہ اب انکے علم میں  آیا ہے، ایسا نہیں ہونا چاہئے تھا اور وہ اس کے لئے کوئی عذر نہیں دیں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ ایک برس میں اوبر کمپنی میں یہ دوسرا سکینڈل سامنے  آیا ہے۔ گزشتہ برس جون میں خواتین کو ہراساں کرنے کے معاملے پر کمپنی کے شریک بانی ٹریوس کلانک کو استعفیٰ دینا پڑا تھا۔ کمپنی کے بیان کے مطابق ایسا نظر نہیں آتا کہ کارروائی میں کریڈٹ کارڈ، بینک اکاؤنٹ یا سوشل سکیورٹی کے نمبروں یا تاریخ پیدائش تک رسائی حاصل کی گئی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ متاثرہ ڈرائیوروں کو ان کے نجی کریڈٹ اکاؤنٹس میں مفت بیلنس فراہم کیا جائے گا اور اس کے علاوہ شناخت کی چوری کے خطرے سے بچاؤ کے لیے تحفظ بھی فراہم کیا جائے گا۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بعض ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ کمپنی نے ہیکروں کو ایک لاکھ ڈالر کے قریب تاوان ادا کیا تا کہ وہ ڈیٹا حذف کر دیں اور ہیکنگ کی کارروائی کا اعلانیہ اظہار نہ کریں۔ واضح رہے کہ کمپنی کی جانب سے واقعہ کی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔

شیئر: