Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض پولیس نے بچوں کے اغوا میں ملوث 3سعودی نوجوانوں کو گرفتار کر لیا

واردات میں استعمال ہونیوالا ہتھیار اور چھینی گئی کار ضبط، شراب کی بوتل برآمد، وارداتوں کا اعتراف
 جدہ (ارسلان ہاشمی) ریاض پولیس کے ترجمان نے کم عمر بچوں کو اغوا کی کوشش کرنے کے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ گرفتار کئے جانے والے ملزمان کی تعداد 3 ہے ۔ نشاندہی پر انکے پاس سے چھینی گئی کار اور واردات میں استعمال ہونے والا ہتھیار بھی برآمد ہو گیا ۔ ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے ریاض کے وسطی علاقے میں ایک شخص2 کم عمر بچیوں کو اغوا کرنے کےلئے ہاتھ میں چاقولیکر انکا تعاقب کر رہا تھا ۔ سوشل میڈیا پر واقعہ کی وڈیو وائرل ہو گئی جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے وڈیو میں نظر آنے والے ملزم کی شناخت کرنے کے بعد اسے گرفتار کر لیا ۔ پولیس ترجمان نے واقعہ کے بارے میں مز ید بتایا کہ بچوں کو اغوا کرنے کی کوشش کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا تھا جس کی نشاندہی پر اسکے دیگر دونوں ساتھیوں کو بھی گرفتار کر لیا جو سعودی شہری ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے مسروقہ گاڑی بھی برآمد ہو گئی جو وہ واردات کےلئے استعمال کیا کرتے تھے ۔ ملزمان نشے کے عادی تھے ۔ مسروقہ گاڑی سے شراب کی آدھی بوتل بھی برآمد ہوئی ۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے اقرار جرم کر لیا ۔ ان کے خلاف مقدمہ دائر کر کے انہیں پبلک پراسیکیوٹر کے حوالے کر دیا گیا جہاں مزید تفتیش کے بعد انکا چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی حفاظت کےلئے ہمیشہ مستعد رہتے ہیں ۔ اس امر کا یقین دلاتے ہیں کہ کوئی بھی مجرم قانون کی دسترس سے بچ نہیں سکتا ۔ قیام امن کے لئے تمام ادارے مستعد ہیں ۔ 

شیئر: