Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بہت ہوگیا،جمہوریت کو چلنے دیا جائے ،بلاول

  کراچی ... پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میںجمہوریت کو مضبوط بنائیں گے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں ،اب بس کردیں۔ جمہوریت کو چلنے دیا جائے۔ جیالے جمہوریت کا لبادہ اوڑھے آمریت کی باقیات کو سیاسی منظرسے ہٹادیں گے۔کراچی میں پیپلزپارٹی کے رہنماوں سے ملاقات اور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کے مفاد میں فیصلے کئے ہیں اور مستقبل میں بھی ایسے ہی فیصلے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا دعوی کرنے والی جماعتیں صرف اقتدارکے لئے لڑرہی ہیں۔ آج بھی پیپلزپارٹی جمہوریت کی لڑائی لڑ رہی ہے۔ جمہوریت پیپلز پارٹی کی قیادت اورکارکنوں کی قربانیوں سے آئی ہے۔ ملک کی دیگر جماعتوں کا کچھ بھی داو پرنہیں لگا ۔جمہوریت میں ہمارا خون شامل ہے۔ اسے ہمیں ہی بچانا ہے۔انہوںنے کہا کہ جو لیڈربڑے دعوے کررہے ہیں انہیں تو جمہوریت کی جیم تک کا نہیں پتہ وہ لیڈرجو پارلیمنٹ بھی نہیں آتے وہ کیسے جمہوری کہلا سکتے ہیں۔انہو ں نے کہا کہ آج بھی بھٹو کے نظریئے پر قائم ہیں اور اس پر کام کر رہے ہیں۔ ہم نے روٹی کپڑا اور مکان کے نعرے کو صرف ایک سلوگن کے طور پر استعمال نہیں کیا۔ اگر ملک میں جمہوریت اور معیشت کو مضبوط بنانا ہے تو بھٹو کے نظرئیے پر عمل کرنا ہوگا۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وقتی طور پر سیاسی فائدہ نہیں چاہتے۔ اگر ایسا ہوتا تو اسلام آباد دھرنے کے واقعہ پر حکومت کا استعفی مانگتے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ پارلیمانی یا جوڈیشل کمیٹی بنا کر تحقیقات کرائی جائے۔انہوں نے کہا کہ اس واقعہ سے بہت مایوسی ہوئی ہے ،کوئی اس سے صاف نہیں نکلا۔ عوام شفافیت چاہتے ہیں۔ اسی لئے پارلیمانی یا جوڈیشل کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات وقت پر چاہتے ہیں تاکہ جمہوریت کا سفر جاری رہے۔مجھے امید ہے کہ الیکشن وقت پر ہونگے۔

شیئر: