Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سمندرمیں پلاسٹک آلودگی کے خاتمے کیلئے 200 ممالک میں معاہدہ

نیروبی۔۔۔ ماحول دوست افراد کیلئے اچھی خبر یہ ہے کہ لگ بھگ 200 ممالک نے یہ وعدہ کیا ہے کہ وہ سمندروں میں پلاسٹک پھینکنے کے عمل کو ہر ممکن طور پر روکنے کی کوشش کریں گے۔نیروبی میں ہونے والا یہ معاہدہ ناروے کی جانب سے پیش کیا گیا جس پر دستخط کرتے ہوئے 200 ممالک نے عہد کیا ہے کہ وہ سمندروں میں بے دریغ پلاسٹک پھینکنے سے گریز کریں گے جبکہ بعض ماہرین نے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے قانونی طور پر پلاسٹک کی آلودگی روکنے کی راہ ہموار ہوسکے گی۔اس سے قبل سمندروں میں پلاسٹک کی بہتات پر ماحولیات داں اپنی شدید تشویش سے آگاہ کرچکے ہیں۔ سمندری جاندار ایک جانب تو پلاسٹک کی تھیلیوں سے دم گھٹنے سے مررہے ہیں تو دوسری جانب بڑے جاندار انہیں جیلی فش سمجھ کر کھاتے ہیں اور موت کے منہ میں جارہے ہیں۔اقوامِ متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے مطابق اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو 2050 تک سمندروں میں پلاسٹک کی مقدار جانوروں سے زیادہ ہوجائے گی۔ معاہدے کی رو سے تمام ممالک اس بات پر متفق ہوگئے ہیں کہ وہ سمندروں میں پھینکے جانے والے پلاسٹک پر کڑی نظر رکھیں گے جبکہ بعض ممالک نے پلاسٹک تھیلیوں پر پابندی کا وعدہ کیا ہے۔
 
 

شیئر: