Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ کا واقعہ پاکستان دشمنوں کی سازش اور حیوانی عمل ہے ، پاکبان

    ریاض (جاوید اقبال) کوئٹہ کے ایک گرجا میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے پر ریاض میں مقیم پاکستانی تارکین میں غم و غصہ اور اضطراب کی لہر دوڑ گئی ہے اور اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے اکثر نے اس واقعے کا بیرونی طاقتوں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے ۔حلقہء فکر و فن ریاض کے صدر ڈاکٹر چوہدری محمدریاض نے اس واردات کو سفاکانہ قرار دیتے ہوئے اسے بیرونی طاقتوں کی سازش قرار دیا ہے۔ تاہم انہوں نے سیکورٹی ایجنسیوں کے کام کو سراہا جنہوں نے بروقت کارروائی کرکے متاثرین کو ایک بڑے نقصان سے بچایا ۔پاکستان مسلم لیگ (ن) ریاض کے سینیئر ڈاکٹر محمود احمد باجوہ نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی وزارت عظمی کے دوران ملک میں سکون تھا اور قوم ترقی کی طرف گامزن تھی۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کو فیصلے کرتے وقت ملک و قوم کی سلامتی کو بھی مدنظر رکھنا چاہیئے۔ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر ریاض کے صدر حاجی احسان دانش نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ ملکی استحکام کے لیے ضروری ہے کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔ بزم اقبال ریاض کے صدر انجینیئر عدنان اقبال بٹ نے اس حملے کو ایک حیوانی عمل قرار دیا اور اس یقین کا اظہار کیا کہ اس کے پیچھے پڑوسی ملک کا ہاتھ تھا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کا عدیم النظیر منصوبہ ہمارے دشمنوں کو ہضم نہیں ہو پارہا اسی لیے وہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔ معروف شاعر رانا خادم حسین نے کہا کہ پڑوسی ملک نے اس بار دیدہ دانستہ ایک اقلیت کی عبادت گاہ پر حملہ کردیا ہے تاکہ دنیا بھر کی نظریں پاکستان کی طرف اٹھ جائیں۔ جامعہ الملک سعود کے ڈاکٹر نوید خو اجہ نے اقبال کا مشہور مصرعہ ’’ کہ خون صد ہزار انجم سے ہوتی ہے سحر پیدا‘‘ پڑھا اور کہا کہ پاکستان کے نصیبوں میں عروج لکھ دیا گیا ہے دشمن جتنا چاہے اب اس ہونی کوٹالنا ناممکن ہے۔ صرف دکھ اس بات کا ہے کہ ایک معصوم اقلیت کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ پاک سرزمین فورم مڈل ایسٹ کے چیف آرگنائزر شمشاد علی صدیقی اور ڈپٹی ٓرگنائزر ڈاکٹر نعیم خان نے اس بہیمانہ واردات کی مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان دشمنوں کی سازش قرار دیا اور قومی ایکشن پلان پر فی الفور عمل کرنے کا مطالبہ کیا۔

شیئر: