Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹرمپ انتظامیہ کا فیصلہ قبول نہیں ،قومی سلامتی کمیٹی

  اسلام آباد...قومی سلامتی کمیٹی نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت مسلح افواج کے سربراہان، وزیرداخلہ احسن اقبال، مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ سمیت دیگر سول وعسکری حکام نے شرکت کی۔ او آئی سی سربراہ اجلاس پر سیکریٹری خارجہ نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ امریکی صدر کے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے معاملے پر مسلم امہ کو تشویش ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کا یک طرفہ فیصلہ پاکستان کو قبول نہیں۔ امریکی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلے کے منصفانہ حل کے لئے اقدامات کرے۔ قومی سلامتی کمیٹی نے کوئٹہ چرچ پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چرچ پردہشت گرد حملہ اسلام کی پرامن تعلیمات کے منافی ہے۔سیکریٹری داخلہ نے نیشنل ایکشن پلان پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد میں موثر پیش رفت ہوئی ہے۔ اجلاس میں مشرق وسطیٰ کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ جی سی سی اور ایران کے ساتھ پاکستان کے تعلقات پر بھی غور کیا گیا۔کمیٹی نے اتفاق کیا پاکستان مسلم امہ کے اتحاد اور یکجہتی کے لئے کوششیں جاری رکھے گا اور مسلم امہ کو درپیش بڑھتے ہوئے چیلنجوں کے تناظر میں اپنی کوششیں تیز کرے گا۔

شیئر: