Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں اقلیتوں کو تمام حقوق حاصل ہیں ، قونصل سی اے محمد حسن

 مقامی قوانین کی پاسداری کرنا ہر ایک کا فرض ہے ،پرویز یوسف صدر پاکستان کرسچن کمیونٹی ، تقریب میں مسیحی برادری کی بھرپور شرکت، کیک بھی کاٹا گیا
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پاکستان کرسچن کمیونٹی کے زیر انتظام قونصلیٹ میں کرسمس کا تہوار منعقد کیا گیا اس موقع پر مہمان خصوصی قونصل سی اے محمد حسن تھے ۔ تقریب میں بڑی تعداد میں مسیحی برادری نے شرکت کی اور مہمان خصوصی کے ساتھ ملکر کیک کاٹا ۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کی طرح جدہ میں بھی کرسچن کمیونٹی نے اپنا مذہبی تہوار روایتی انداز میں پاکستان قونصلیٹ میں منعقد کیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی قونصل سی اے محمد حسن نے اپنے خطاب میں قونصل جنرل اور قونصلیٹ کے دیگر افسران اور اہلکاروں کی جانب سے کمیونٹی کو انکے مذہبی تہوار پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مملکت میں مقیم پاکستانی مسیحی برادری ملک سے مخلص ہے ۔ ماضی میں جب بھی وطن عزیز کو مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑا یہاں مقیم کرسچن کمیونٹی نے بھی بھرپور انداز میں اپنا حصہ شامل کیا ۔ حکومت پاکستان نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت کی ۔انہیں اپنے مذہبی تہوار منعقد کرنے کی مکمل آزادی ہے ۔ پاکستان کی ترقی کے لئے انکی خدمات بھی مثالی رہی ہیں ۔ کرسچن کمیونٹی ملک یا بیرون ملک کبھی بھی وطن عزیز کے خلاف کسی سازش کا آلہ کارنہیں بنی ۔ کرسچن کمیونٹی کے صدر پرویز یوسف نے اپنے خطاب میں حاضرین کو تہوار کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا آج کا دن ہمارے لئے خوشی کا دن ہے جسے منانے کےلئے ہمیشہ کی طرح امسال بھی قونصلیٹ نے ہمیں خصوصی طور پر اجازت مہیا کی ۔ ہم سفیر پاکستان ، قونصل جنرل اور دیگر افسران کے شکر گزار ہیں کہ انہو ںنے ہمیشہ ہر موقع پر کمیونٹی کے ساتھ بھر پور تعاون کیا ۔ کرسچن کمیونٹی اس عزم کا اظہار کرتی ہے کہ ہم وطن عزیز پاکستان کے خلاف کسی قسم کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ اگرچہ ماضی میں دشمنوں نے پاکستان میں مسیحیوں کو لڑانے کی سازش کی جسے ہر سطح پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ پرویز یوسف نے مزید کہا کہ مملکت کے قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے وطن عزیز کے استحکام اور ترقی کےلئے کام کرتے ہیں ۔ 
 
 

شیئر: