Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راتوں رات مالدار بنانے والے فارمولے کا پرچار کرنے والا "کیو نیٹ "گروہ گرفتار

 ریاض.... وزارت تجارت و سرمایہ کاری کے افسران نے راتوں رات مالدار بنانے والے فارمولے کا پرچار کرنے کیلئے ریاض کے ایک ہوٹل میں جمع کیو نیٹ کمپنی کے گروہ کو گرفتار کر لیا۔ ایک غیر ملکی گروہ کا سرغنہ تھا۔ کیو نیٹ کے اہلکار متعدد لڑکوں اور لڑکیوں کو سبز باغ دکھا کر واردات کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے انہیں ہوٹل بلائے ہوئے تھے۔ کیو نیٹ کے کارندے لڑکوں اور لڑکیوں کو مالدار بننے کے فارمولے سمجھا رہے تھے۔ وزارت نے اس کی اطلاع ملتے ہی سریع الحرکت ٹیم ہوٹل روانہ کی جہاں اس وقت نیٹ کا سربراہ کمپنی اور اس کے طریقہ کار کی وضاحت کر رہا تھا۔ لڑکوں اورلڑکیوں کو نیٹ مارکیٹنگ میں شمولیت کی دعوت دے رہا تھا۔ نیٹ مارکیٹنگ کا مذکورہ طریقہ سعودی قوانین و ضوابط کے منافی ہے۔ یہ ایک طرح سے دھوکہ دہی کے دائرے میں آتا ہے۔ کیو نیٹ کے کارندے سمجھا رہے تھے کہ اگر آپ نے 10ممبر بنا لئے تو ایسی صورت میں آپ کا منافع آپ کے اکاﺅنٹ میں جمع کردیا جائے گا اور آپ کے بنائے ہوئے ممبران پے در پے 10، 10ممبر بناتے چلے جائیں گے۔ ان کے منافع کی شرح بھی آپ کے اکاﺅنٹ میں جمع ہوتی رہے گی۔ وزارت کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے قوانین اس قسم کی دھوکہ دہی کی اجازت نہیں دیتے۔ صارفین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ 1900پر رابطہ کر کے کیونیٹ کی سرگرمیوں سے مطلع کریں۔ وزارت کی ویب سائٹ پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

شیئر: