Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منو بھائی کی نماز جنازہ ادا

اسلام آباد .... معروف صحافی، کالم نگار، مصنف اور ڈرامہ نگار منیر احمد قریشی المعروف منو بھائی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ انکی عمر 84برس تھی۔ بعد نمازعصر لاہور میں انکی نماز جنازہ ادا کردی گئی وہ کچھ عرصے سے گردوں اور دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور لاہور کے مقامی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔ 1933 ءمیں پنجاب کے شہر وزیر آباد میں پیدا ہونے والے منو بھائی کا اصل نام منیر احمد قریشی تھا اور وہ منو بھائی کے نام سے جانے جاتے تھے۔منو بھائی نے پاکستان ٹیلی ویژن کے لئے متعدد ڈرامے لکھے اور ان کا سب سے زیادہ مشہور ڈرامہ سونا چاندی تھا۔ 2007 میں انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔ سینیئر صحافی، دانشور منو بھائی کے انتقال پر صدر ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، چیئرمین سینیٹ،ا سپیکر قومی اسمبلی، سابق صدر زرداری، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، وزیر داخلہ سمیت سیاسی ومذہبی رہنماﺅں کا اظہار افسوس و تعزیت، صحافتی و ملی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ صدر ممنون حسین کا ممتاز ڈرامہ و کالم نگار منو بھائی کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہاکہ منو بھائی کی ادبی و صحافتی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔صدر نے منو بھائی کی مغفرت، بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے تعزیتی پیغام میں منو بھائی کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ انکی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہاکہ منو بھائی کو اردو ادب میں نمایاں مقام حاصل تھا۔ قائد حزب اختلاف خورشید احمد شاہ نے منو بھائی کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منو بھائی ایک عظیم ادبی اور سیاسی سوچ کے حامل انسان تھے جو ہم سے جدا ہوگئے۔ اسپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق اور ڈپٹی ا سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے منو بھائی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے انکے ادبی اور صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
 

شیئر: