Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بہادر پیلیکن بازو میں گھسے خنجر سمیت چلتا رہا

 ڈنمارک، جنوب مغربی آسٹریلیا....  جنوب مغربی آسٹریلیا کے  ایک مشرقی حصے میں جس کا نام ڈنمارک ہے ایک پیلیکن اس وقت سب کی نظر میں آگیا جب وہ ایک بڑے خنجر سمیت بیحد اطمینان سے دوسرے پیلیکنوں کے ساتھ چہل قدمی کرتا نظر آیا۔ اطلاعات کے مطابق کسی بداندیش شکاری نے یا شریر نوجوانوں نے اسے اپنی نشانہ بازی کا ہدف بنایاتھا اور خنجر کا وار کرکے فرار ہوگئے تھے جبکہ خنجر اسکے بازو میں گھسا رہ گیا۔ جس نے بھی دیکھا اس نے خنجر پھینکنے والے کو برا بھلا کہا ۔ اسکی وڈیو تیار کی  اور انسداد بے رحمی حیوانات کے ادارے کے ساتھ ذرائع ابلاغ اوردیگر لوگوں کو بھی بھیج دی۔ کہا جاتا ہے کہ یہ پیلیکن مقامی دریا کے کنارے اسی حالت میں کافی دیر تک چلتا پھرتا نظرآیا تاہم اسکی چال سے ایسا نہیں لگ رہا تھا کہ وہ زخمی ہے یا اسے زخم کا احساس ہے یا تکلیف اسے ستا رہی ہے۔ یہ تو پیلیکن کی اپنی بے نیازی تھی ورنہ تو جس نے بھی دیکھا وہ یا خدا! کہہ کر اپنا سر پکڑ کر بیٹھ گیا۔ یہ وڈیو اسٹیفانی ڈونی نامی خاتون نے فیس بک پر جاری کی ہے ۔ واضح ہو کہ ڈنمارک ایک ساحلی شہر ہے اور یہاں  پیلیکنز اور اس طرح کے دیگر پرندے بڑی تعداد میں پائے جاتے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ خنجر کا ایک اچھا خاصا بڑا حصہ اسکے بازومیں گھس کر آر پار ہوگیا تھا جس سے یقینی طور پر اسے گہرا زخم آیا ہوگا۔ ڈنمارک کی پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے بھی یہ فوٹیج دیکھی ہے مگر سردست اس پوزیشن میں نہیں کہ  اس پر کوئی تبصرہ کرسکے۔ آسٹریلیا میں شائع ہونے والے اخبار ڈیلی میل کا کہناہے کہ اس نے ویسٹرن آسٹریلیا پارک اینڈ وائلڈ لائف مینجمنٹ سے رابطہ کرلیا ہے تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ پیلیکن کو زخمی کرنے والا کون تھا اور اسکی گرفتاری ہوئی یا نہیں یا گرفتار کرنے کی کوشش ہورہی ہے کہ معاملہ رفع دفع کردیا گیا ہے۔

شیئر: