Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف، مکہ اور ریاض شاہراہ پر حادثات، 3 افراد جاں بحق 35 زخمی

جدہ / طائف.... ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق 35 زخمی ہوگئے ۔ ہلال الاحمرکی ٹیموں نے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرکے انہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق ایک حادثہ ہجرہ روڈ پر مکہ مکرمہ کی جانب غران پل کے قریب پیش آیا جس میں 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے ۔ ہلال الاحمر کے ریجنل ترجمان عبداللہ ابو زید نے سبق نیوز کو بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ہلال الاحمر کے امدادی یونٹس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جنہوں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی ۔ حادثہ اس قدر خطرناک تھا کہ 2 افراد طبی یونٹس کی آمد سے قبل ہی جاں بحق ہو چکے تھے ۔ امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جن میں سے ایک کی حالت نازک تھی جبکہ دیگر 3 کو درمیانے درجے کے زخم آئے تھے ۔ تمام زخمیوںکو خلیص کے جنرل اسپتال پہنچا دیا گیا جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی نعشوں کو سرد خانے منتقل کر دیا گیا ۔ دوسرا حادثہ طائف ، مکہ شاہراہ پر السیل روڈ پر پیش آیا جس میں ایک ہی خاندان کے 10 افراد زخمی اور ایک شخص جاں بحق ہو گیا ۔ ہلال الاحمر طائف ریجنل ترجمان کے ترجمان شادی الثبیتی نے عاجل نیوز کو بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی 5 امدادی یونٹس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جنہوں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی اور جاں بحق ہونے والے کو میت گاڑی کے ذریعے سرد خانے میں منتقل کر دیا ۔ الثبیتی کا کہنا تھا کہ حادثہ گاڑی الٹ جانے کے سبب پیش آیا جس میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد سوار تھے ۔ زخمیوں میں سے 2 کی حالت نازک تھی جبکہ 2 کودرمیانے درجے اور 6 کو معمولی نوعیت کے زخم آئے تھے ۔ تاہم زخمیوں کو شہزادہ سلطان آرمڈ فورسسز اور شاہ عبدالعزیز اسپیشلسٹ اسپتال طائف میں پہنچا دیا گیا ۔ تیسرا حادثہ طائف ، ریاض شاہرہ پر العطیف پل کے قریب غیر ملکی کارکنوں کی بس کو پیش آیا جس کے نتیجے میں 21 افراد زخمی ہوئے ۔ ہلال الاحمر کے ترجمان شادی نے بتایا کہ کنٹرول روم میں حادثے کی اطلاع ملی جس میں کہا گیا تھا کہ شاہراہ پر بس اور ٹرک میں تصادم ہو گئے ۔ اطلاع ملتے ہی جائے حادثہ سے قریب ترین یونٹ کو فوری طور پر امدادی کارروائی کے لئے روانہ کیا گیا اس دوران دیگر یونٹس کو بھی جائے حاد ثہ پر پہنچنے کی ہدایت کردی گئی ۔ غیر ملکی کارکنوں کو لے جانے والی بس ٹرک سے ٹکرا گئی تھی جس کی وجہ سے بس میں سوار 21 کارکن زخمی ہوگئے ۔ امدادی ٹیم کے مطابق زخمیوں میں 2 کی حالت نازک ہے جبکہ 6 کو درمیانے درجے اور 13 کو معمولی نوعیت کے زخم آئے ۔ تمام زخمیوں کوشاہ عبدالعزیز اور شاہ فیصل اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انکا علاج جاری ہے ۔ 
 

شیئر: