Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہندوستان، کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ختم نہیں کر سکتا ، جنرل عبدالقیوم

منامہ.... کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم یکجہتی کشمیر بحرین میں بھی منایا گیا اس سلسلے میں پاکستان ایمبیسی بحرین میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر)عبدالقیوم نے کہا کہ ہندوستان بے شک ریاستی دہشت گردی سے نہتے کشمیریوں کا معاشی استحصال کرلے ان کو بینائی سے محروم کرلے یا برہان وانی جیسے آزادی کا علم بلند کرنے والے ایک لاکھ مجاہدین کو اپنی گولیوں کا نشانہ بنا لے لیکن وہ کشمیریوں کے جذبہ جدوجہد آزادی کو پچھلے ستر سالوں سے کچل سکا ہے اور نہ آئندہ ایسا کرسکے گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کا جذبہ گولیوں اور ظلم و جبر سے نہیں دبایا جاسکتا کشمیری عوام کی قربانیاں جلد رنگ لانے والی ہیں اور وہ دن دور نہیں ہے جب ہندوستان کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حق دینا پڑے گا۔دنیا میں امن کے متلاشی اگر مخلص ہیں تو وہ یہود اور ہنود کے گٹھ جوڑ کی پشت پناہی کرنے کی بجائے کشمیریوں فلسطینیوں اور مظلوم روہنگیا مسلمانوں کے انسانی حقوق کی پامالی میں شریک جرم ہونے کی بجائے ان کے سروں پر دست شفقت رکھیں اور اقوام متحدہ کے چارٹر سلامتی کونسل کی قراردادوں اور مختلف جنیوا کنونشنوں کی روشنی میں ان کو باعزت زندہ رہنے کا حق دیں۔انہوں نے کہا ہم اقوام متحدہ انسانی حقوق کے تحفظ کےلئے بنائی گئی تمام تنظیموں اور بین الاقوامی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کشمیر میں 7 لاکھ ہندوستانی فوج کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کے انسانی حقوق کی پامالی کو روکیں بلکہ ہندوستان کی اقوام متحدہ کی رکنیت تاحکم ثانی معطل کی جائے۔انہوں نے بحرین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے اقوام متحدہ کو مطالبات پیش کئے اور کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ کشمیر سے ہندوستانی فوجوں کا فوری انخلا ہوکالے قوانین کا خاتمہ کیا جائے۔ قیدیوں کی رہائی عمل میں لائی جائے۔ لاکھوں شہدا کے لواحقین کو معاوضہ دیا جائے۔بینائی سے محروم کئے گئے کشمیریوں کے بیرون ملک علاج کا بندوبست اور اقوام متحدہ کی نگرانی میں سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیر میں آزادانہ حق رائے دہی دیا جائے۔سفارت خانہ کے قائمقام سفیر اور اتاشی مراد علی وزیر نے صدر پاکستان ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی طرف سے کشمیریوں کے یوم حق خود ارادیت کے موقع پر خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا ۔ تقریب میں بحرین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ڈائریکٹر ساجد شیخ پاکستان ا سکول کے چیئرمین قاری سمیع الرحمن سمیت پاکستانیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

شیئر: