Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عائشہ گلالئی نے نئی پارٹی بنالی

اسلام آباد... تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے پاکستان تحریک انصاف گلالئی کے نام سے باضابطہ نئی جماعت بنالی۔ جمعہ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدلیہ کا احترام،ملک میں امیر اور غریب کیلئے یکساں جائداد اورملکیت کا حق، صدارتی نظام اور نئے صوبوں کے قیام کیلئے ریفرنڈم کرانا،جنوبی پنجاب اور ہزارہ صوبے کا قیام، لڑکیوں کو شادی کے موقع پر گھر دینا،کسانوں اور مزدوروں کا مالکانہ حقوق دلانا،بارہویں جماعت تک طلبہ و طالبات کو مفت اورمعیاری تعلیم کی فراہمی،قومی دولت کی ملک میں واپسی،اعلیٰ تعلیم کیلئے قرضہ جات کی فراہمی،اقلیتوں کی حقوق کا تحفظ پارٹی کے بنیادی منشور میں شامل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تینوں سیاسی پارٹیوں کے سربراہوں کی ڈیٹ ایکسپائر ہوچکی ہے۔ ملک میں عام آدمی کیلئے کچھ نہیں۔سیاسی جماعتیں اور حکمران ان مسائل کا ادارک کرنے کے بجائے جلسوں میں ایک دوسرے کو گالیاں دے رہے ہیں۔ ایک لیڈرقوم کو پیغام دے رہا ہے کہ پارلیمنٹ مت آو بلکہ گھر بیٹھ کر تنخواہیں لیتے رہو۔ دوسرا نا اہل لیڈر ججوں اور عدلیہ کو گالیاں د ے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص کو سپریم کورٹ نے نا اہل کیا تو پارلیمنٹ کیسے اس کو پارٹی سربراہی کیلئے اہل قرار دے سکتی ہے۔نواز شریف پنجاب کے عوام اور فوج کو لڑانے کی سازش کررہے ہیں۔ نواز شریف پنجابی نہیں کشمیری ہیں۔ کشمیر کیلئے کچھ نہیں کیا۔ پی ٹی آئی پرتنقید کرتے ہوئے گلالئی نے کہا کہ دوسری جماعتوں کے مستردشدہ لوگ پی ٹی آئی میں اہل ہو جاتے ہیں۔انہوںنے علی لغاری کوسندھ میں پارٹی سربراہ،وحید کمال کو سیکرٹری جنرل،نیاز علی کو جوائنٹ سیکرٹری، ملک منصور کو پنجاب کیلئے کوآرڈینیٹر اور میمونہ زاہد کو شعبہ خواتین کی کوآرڈنیٹر بنانے کا اعلان کیا۔

شیئر: