Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیتا دو سال بعد اپنے پرانے دوست کو دیکھ کر بے ساختہ بغلگیر ہوگیا

    کیپ ٹاؤن - - - -  پرانی رفاقت انسان ہی نہیں جانور بھی یاد رکھتے ہیں اور  اسے  پوری طرح بروئے کار لانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے ، ایسا ہی کچھ یہاں  چیتوں کی دیکھ بھال کیلئے بنائے گئے ایک مرکز میں  اس وقت دیکھنے میں آیا  جب  ڈولف والکر نامی  امریکی وائلڈ لائف ایکسپرٹ جو رضاکارانہ طور پر دنیا میں خطرات سے دوچار جانوروں  کے بارے میں معلومات  جمع کرنے کی مہم پر رہتا ہے، دو سال کے بعد جب یہاں پہنچا اور  جنوبی افریقی پارک میں گیا  تو  اس کا پرانا  چیتا  دوست  تھوڑے فاصلے پر  موجود تھا ، پہلے تو چیتے نے اسے عام سیاحوں کی طرح سمجھا  لیکن جب اس کی سمجھ میں آگیا کہ  اسے جو شخص نظر آرہا ہے وہ اس کا پرانا دوست ہی ہے ، بس پھر کیا تھا وہ جذبات سے بے قابو ہوکر بڑی سرعت سے اس کی طرف دوڑا ۔ چیتے کی  یہ وارفتگی دیکھ کر  ڈولف والکر نامی وائلڈ لائف ایکسپرٹ  بھی اس کی طرف آگے بڑھا اور  پھر دونوں اس طرح بغلگیر ہوگئے جیسے پرانے  دوست عرصہ دراز کے بعد ملنے پر  ایک دوسرے سے  لپٹ جاتے ہیں۔  عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ  ڈولف والکر  اور چیتے اتنے جذباتی انداز میں مل رہے  تھے کہ ان کی آنکھیں بھی جذبات سے مغلوب ہوگئیں۔ اطلاعات کے مطابق  گبیرئیل نامی اس چیتے کی پہلی ملاقات   ڈولف سے اس وقت ہوئی تھی  جب اس کی عمر صرف 8 ماہ تھی۔  اس کے بعد  ایک عرصہ تک  ڈولف اس پارک میں آمد و رفت کرتا رہا اور دونوں کی دوستی بڑھتی رہی۔ اس کے بعد اسے دوسری مصروفیات  نے گھیر لیا اور وہ  دوسرے ممالک کے وائلڈ پارک کی سیر کو نکل پڑا۔ تقریباً دو سال  کے بعد اسے پھر  جنوبی افریقہ کے اس پارک کی یاد آئی اور اپنا چیتا دوست بھی یاد آیا تو وہ یہاں آگیا ۔  پارک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ  ڈولف کئی  بار، کئی مہینوں بلکہ سال تک  کہیں اور چلا جاتا ہے  مگر جب بھی واپس آتا ہے  تو  اس چیتے سے ضرور ملتا ہے۔  دونوں کی دوستی اور  اس والہانہ ملاپ کی وڈیو  مقامی ٹی وی چینل پر بھی دکھائی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں:- - - -کیلیفورنیا: سڑک پار کرتے ہوئے موبائل فون کے استعمال پر پابندی

شیئر: