Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ محمد بن سلمان نے مملکت کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کردیا، مغربی تجزیہ نگار

ریاض.... امریکی ٹی وی چینل کا کہنا ہے کہ مغربی سیاسی تجزیہ نگار ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ایک جری اور چیلنجز کا مقابلہ کرنے والی شخصیت کے طور دیکھتے ہیں۔ اس تناظر میں ان کا کہنا ہے کہ ولی عہد مملکت کا دورہ امریکہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ سبق نیوز نے امریکی چینل فوکس نیوز کی جاری رپورٹ کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ چین سے لیکر جنوبی کوریا تک کسی ترقی پذیر ملک نے انتہائی مختصر وقت میں اپنے ملک میں معاشی اور اجتماعی اصلاحات نہیں کی جتنی شہزادہ محمد بن سلمان نے انقلابی اقدامات کے ذریعے سعودی عرب کو اکیسویں صدی کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کر دیا ۔ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو جن اہم ترین چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا ان میں بین الاقوامی سطح پر انتہاءپسندی کے رجحانات و افکار کے علاوہ سماجی اور معاشی دشواریاں شامل تھیں ۔امریکی چینل کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ معاشرتی اصلاح کے حوالے سے شہزادہ محمد بن سلمان نے جس ثابت قدمی سے پیش رفت کی وہ مثالی ہے ۔ انہو ںنے ایسے وقت میں جب بعض قدامت پسند افکار کے حامل مملکت میں خواتین کی ڈرائیونگ کے خلاف تھے، جری قدم اٹھاتے ہوئے عورتوں کو ڈرائیونگ کی اجازت دی ۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے معیشت کے میدان میں انتہائی کامیابی سے آپریشن کرتے ہوئے حکومتی گرانٹ کم کی اورنجکاری کی جانب توجہ مبذول کرتے ہوئے حقیقی ضرورت مندوں کو براہ راست امداد فراہم کرنے کا آغاز کیا جو ان بااثر طبقے پر کاری ضرب ثابت ہوئی جو ملکی خزانے کی لوٹ مار میں مصروف تھے ۔ ولی عہد نے انسدادبد عنوانی مہم کا آغاز کیا اور بعض شہزادوں اور اہم ذمہ داروں کو گرفتار بھی کیا ۔فوکس نیوز نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ بین الاقوامی سطح پر شہزادہ محمد بن سلمان کو خطے میں ایران کی جانب سے درپیش چیلنجز کا بھی بخوبی ادراک تھا انہوں نے اپنی مثالی سیاسی بصیرت کا ثبوت دیتے ہوئے مملکت کو ایران نواز حوثی باغیوں کے خطرے سے محفوظ کیا اور یمن میں قانونی حکومت کے قیام کی راہ ہموار کی ۔ ان حالات میں ان خطروں کو بھی نظر اندازنہیں کیا جاسکتا جو مملکت اور خطے کو درپیش تھے ۔ رپورٹ کے اختتام میں کہا گیا ہے کہ وہ لوگ جنہیں مملکت کی ترقی اور استحکام عزیز ہے انہیں اس امر کا ادراک ہونا چاہئے کہ موجودہ صورتحال میں مملکت کو کن چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جن میں کامیا بی حاصل کرنا نہ صرف مملکت بلکہ عالم اسلام کےلئے انتہائی اہم ہے۔ 

شیئر: