Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بال ٹیمپرنگ پر آسٹریلوی کھلاڑیوں کو سزا

برزبن:آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کی انضباطی کمیٹی نے بال ٹیمپرنگ میں ملوث سابق کپتان اسٹیون اسمتھ اور ان کے سابق نائب ڈیوڈ وارنر پرایک، ایک سال جبکہ بیٹسمین کیمرون بینکرافٹ پر 9ماہ کی پابندی لگا دی ہے تاہم کوچ ڈیرن لہمین کسی قسم کی تادیبی کارروائی سے بچ گئے ہیں ۔ اسمتھ اور وارنر آئندہ 2سال تک ٹیم میں شامل نہیں ہوں گے۔ تینوں کھلاڑی پابندی کے خلاف اپیل کا اختیار رکھتے ہیں۔ بورڈ نے ان تینوں کو جنوبی افریقہ سے وطن واپس جانے کی ہدایت کردی تھی۔ سیریز کے چوتھے اور آخری ٹیسٹ کےلئے ٹیم میں نئے کھلاڑی شامل کر لئے گئے ہیں۔آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدر لینڈ نے جو اس اسکینڈل کے سامنے آنے پر جنوبی افریقہ پہنچے تھے دعویٰ کیا ہے کہ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیرن لہمین اس سارے معاملے سے بے خبر ہیں اور بال ٹیمپرنگ کا منصوبہ بناتے ہوئے ان کھلاڑیوں نے ہیڈ کوچ کو خبر نہ ہونے دی۔ جیمز سشر لینڈ کے اس دعوے پر دنیا بھر کے اہم سابق کرکٹرز نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلوی ٹیم کے کلچر اور انتظامی ڈھانچے سے واقف کوئی بھی شخص یہ تسلیم نہیں کرے گا کہ ڈیرن لہمین اس تمام معاملے سے آگاہ نہیں تھے۔بال ٹیمپرنگ کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد کپتان اسٹیون اسمتھ نے میچ میں ناکامی سے بچنے کےلئے بال ٹیمپرنگ کا اعتراف کیا تھا۔ ریورس سوئنگ کے لئے گیند کو کھردرا کرنے کی ذمہ داری کیمرون بینکرافٹ کو سونپی گئی جو منصوبے پر عمل درآمد کرتے ہوئے پلاسٹک کے سخت ٹکڑے سے گیند کو کھرچتے رہے اور جب کیمروں نے انہیں یہ سب کچھ کرتے دکھایا تو ہیڈ کوچ ڈیرن لہمین نے 12ویں کھلاڑی پیٹر ہینڈز کو گراونڈ میں بھیجا تاکہ بینکرافٹ پلاسٹک کے اس ٹکڑے کو چھپا لیں لیکن کیمرہ مین نے یہ عمل بھی ریکارڈ کرلیا ۔ اسکینڈل سامنے آنے کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کو کپتانی اور نائب کپتانی سے فوری ہٹا دیا تھا اور ان کی جگہ وکٹ کیپر ٹم پین کو میچ کے بقیہ2دنوں کےلئے کپتان بنایا گیاتھا لیکن حکومت کے دباو اور دنیا بھر میں ہونے والی شدید تنقید کے بعد بورڈ ان تینوں کو وطن واپس بھیجنے پر مجبور ہوگیا۔

شیئر: