Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی ورکرز پاکستان کے اصل سفیر ہیں، خان ہشام بن صدیق

مزدوروں کے  کیمپ میں منعقد ہونے والی تقریب میں سفیرپاکستان جبکہ وسری تقریب میں عبد الشکور شیخ اور سردار خان خٹک شریک ہوئے
 ذکاء اللہ محسن ۔ ریاض
    سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے ریاض میٹرو بنانے والی کمپنی بیکس کے کیمپ میں ہونے والی یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کی۔خان ہشام بن صدیق پاکستانی ورکرز کے درمیان پہنچے تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیا اور ان کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا کہ آج ان کے سفیر ان کے درمیان موجود ہیں اور یوم پاکستان کی خوشی ہمارے ساتھ منا رہے ہیں۔
     سفیر پاکستان نے ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بذات خود آپ کے درمیان آکر بہت خوش ہیں اور جس طرح آپ نے سعودی عرب کی تعمیر وترقی میں اپنا کردار نبھایا ہے، اس کو وہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں بلکہ سعودی قیادت بھی آپ کے کام اور لگن کی تعریف کرتی ہے اور جس طرح پاکستانی ورکرز نے عرصہ دراز سے پاک سعودی تعلقات کو مضبوط بنایا ہے، اس لحاظ سے اصل سفیر آپ لوگ ہیں جو دن رات سعودی عرب میں محنت مشقت کرکے یہاں پر بھی ترقی کا باعث بنتے ہیں۔ زرمبادلہ کی صورت میں پاکستان کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستانی عوام جفاکش اور ہنرمندوں سے بھری پڑی ہے اور دنیا کے تمام خطوں میں پائی جاتی ہے۔
     یوم پاکستان کی تقریب میں ڈھائی ہزار کے قریب ورکرز نے شرکت کی اور یوم پاکستان کی خوشی میں روایتی رقص بھی پیش کیا گیا جس میں ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ نے بھی بھرپور حصہ لیا۔
    دریں اثناء یوم پاکستان کی مناسبت سے ریاض میٹرو پروجیکٹ کے ملازمین کی جانب سے ثمامہ روڈ پر واقع  کیمپ میں یوم پاکستان کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس پروقار اور رنگارنگ تقریب میں نائب سفیر سردار خان خٹک، ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ، پی آئی اے کے کنٹری منیجر شیخ ارشد، ریاض میٹرو پروجیکٹ کے اعلیٰ افسران اور ڈھائی ہزار سے زائد پاکستانی ورکرز نے بھرپور شرکت کی اور پاکستان سے محبت کے گیت گائے۔ اس موقع پر ملازمین کی جانب سے پاکستان کے علاقائی دھنوں پر خوب رقص پیش کیا گیا جو کہ اس بات کی دلیل تھی کہ دیار غیر ہو یا ملک کے اندر ،ہم سب پاکستانی ایک ہیں اور ہمارا مشن پاکستان کی ترقی ہے۔جیوے جیوے پاکستان کے فلک شگاف نعرے پردیس میں دیس کی یاد تازہ کر رہے تھے۔
    سفارت خانہ پاکستان کے نائب سفیر سردار خان خٹک کا کہنا تھا کہ وہ ورکرز کے درمیان آکر بہت خوش ہیں اور جس طرح آپ لوگوں نے یوم پاکستان کی تقریب کو سجایا ہے ،وہ یقینی طور پر قابل دید ہے۔سردار خٹک کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی ورکرز ہمارا سرمایہ ہیں، ان کی بدولت سعودی عرب اور پاکستان کے مابین بہتر تعلقات استوار ہوتے آئے ہیں۔
     ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ کا کہنا تھا کہ ہم جب بھی سعودی عرب کی سڑکوں پر سفر کرتے ہیں اور بلند بانگ عمارتیں دیکھتے ہیں تو ہمیں لازمی احساس ہوتا ہے کہ اس ترقی میں ہمارے پاکستانی مزدور بھائیوں کا خون پسینہ بھی شامل ہے۔ پاکستانی ورکرز کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کیے جاتے ہیں اور سفارت خانہ پاکستان کے دروازے آپ لوگوں کیلئے ہمیشہ کھلے ہیں۔
    تقریب میں پی آئی اے کی جانب سے ریاض میٹرو کے ملازمین میں سے سب سے عمررسیدہ اور کم عمر2افراد کو جہاز کا ریٹرن ٹکٹ بھی دیا گیا۔
   تقریب کے اختتام پر یوم پاکستان کا کیک بھی کاٹا گیا۔
مزید پڑھیں:- - - -فیڈرل فرنٹ کے قیام سے براہ راست فائدہ بی جے پی کو ہوگا ، فیروز خان

شیئر: