Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی میں نیا عالمی ریکارڈقائم کردیا

کراچی:پاکستانی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے ساتھ کھیلی گئی ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کرتے ہوئے نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 205 رنز کی اننگز کھیل کر اس فارمیٹ میں سب سے بڑا اسکور بنایا اور مسلسل چوتھے میچ میں 180 سے زائد اسکور کیا جو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ ہے کیونکہ آج تک کوئی بھی ٹیم اس فارمیٹ میں مسلسل 4 میچوں میں 180 سے زائد رنز نہیں بنا سکی۔پاکستانی ٹیم نے اس ریکارڈ کی شروعات نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹی20 میچ سے کیں جس میں پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔ سیریز کے تیسرے میچ میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔اس کے بعد اب ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنائے اور دوسرے میچ میں 3 وکٹوں پر 205 رنز بنائے ۔ اس کے ساتھ پاکستانی ٹیم نے مسلسل 7ویں سیریز میں فتح حاصل کی جبکہ سرفراز احمد نے بحیثیت کپتان سیریز نہ ہارنے کا ریکارڈ برقرار رکھا۔ یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کے سپرد کی تھی جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف اسی کی سرزمین پر واحد ٹی ٹوئنٹی میچ جیت کر فتوحات کا آغاز کیا۔اس کے بعد ٹیم نے پہلے ویسٹ انڈیز کو دبئی اور پھر اس کے ہوم گراونڈمیں سیریز میں شکست دی، جس کے بعد ورلڈ الیون کو لاہور میں شکست سے دوچار کیا۔پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر کامیابیوں کا تسلسل جاری رکھا، جس کے بعد نیوزی لینڈ کو انہی کے دیس میں ہرانے کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف کامیابی سمیٹ کر مسلسل ساتویں سیریز میں فتح سمیٹی ۔ 

شیئر: