Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہروب کی من گھڑت شکایات پر نقل کفالہ کیلئے کفیل کی منظوری سے استثنیٰ

 جدہ..... وزارت محنت و سماجی بہبود نے واضح کیا ہے کہ اگر کوئی مکفول یہ ثابت کردے کہ اس کا کفیل اس کیخلاف ہروب کی من گھڑت شکایات کرتا رہا ہے تو ایسی حالت میں اسے کفیل کی منظوری کے بغیر نقل کفالہ کا حق حاصل ہوجائے گا۔ کفیل کی شکایات کے من گھڑت ہونے کا دعویٰ مکفول کو ثابت کرنا ہوگا۔ عکاظ اخبار کے مطابق کفیل کی منظوری کے بغیر 2 اور صورتوں میں نقل کفالہ کی گنجائش دی گئی ہے ، پہلی صورت یہ ہے کہ اقامہ یا ورک پرمٹ ختم ہوگیا ہو اور دوسری صورت یہ ہے کہ کفیل تین ماہ تک مسلسل اپنے مکفول کی تنخواہ روکے رہے۔ وزارت محنت کا کہنا ہے کہ آخری دو صورتوں میں نقل کفالہ کی کارروائی بحکم قانون خود بخود انجام دے دی جائے گی۔ دوسری جانب وزارت محنت نے فرضی اداروں کو نئے ویزوں سے محروم کردیا۔ وزارت کا کہنا ہے کہ یہ پابندی وزارت داخلہ نے لگا رکھی ہے۔ وزارت محنت نے ویزے طلب کرنے والے ایسے اداروں کو تحریری طور پر مطلع کرکے کہا ہے کہ وزارت داخلہ حقیقی کفیل نہ ہونے کے باعث فرضی اداروں کو ویزوں کے اجراءسے منع کئے ہوئے ہے۔ وزارت نے شاکی اداروں سے کہا ہے کہ وہ اپنی درخواستیں مسترد ہونے کی صورت میں وزارت تجارت و سرمایہ کاری سے رجوع کریں۔

شیئر: