Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیف جسٹس کیخلاف تحریک مواخذہ مسترد کرنا غیر آئینی ہے،چیلنج کرینگے،کپل سبل

نئی دہلی۔۔۔راجیہ سبھا کے چیئرمین وینکیا نائیڈو نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس دیپک مشرا کیخلاف ملک کی 7پارٹیوں کی جانب سے دی گئی تحریک مواخذہ کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے ان پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد اور خیالی قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئین اور قانون کے تمام پہلوؤں کا باریکی بینی سے جائزہ لینے کے بعد خارج کرنے کا فیصلہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کی اہمیت کو عوام کی نظر میں کمزور نہیں کرنا چاہتے۔

کپل سبل
نائب صدر جمہوریہ اور راجیہ سبھا کے چیئرمین وینکیا نائیڈو کی جانب چیف جسٹس کیخلاف تحریک مواخذہ کی تجویز کو مستردکئےجانے پرکانگریسی رہنما کپل سبل نے کہا کہ یہ غیر آئینی اقدام ہے، ایسا فیصلہ کبھی کسی چیئرمین نے نہیں کیا۔اس فیصلے کو چیلنج کرنے کے لئے سپریم کورٹ میں دراخواست دائر کرینگے۔

سیتا رام یچوری
سی پی ایم جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے کہا کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ ججوں کی تقرری میں دخل دے کر بی جے پی حکومت نےعدلیہ کا گلا گھونٹ دیا ہے۔ تحریک مواخذہ کے نوٹس کو خارج کیا جانا عدلیہ کی آزادی کو منہدم کرنے کے مترادف ہے۔

 راجیو گوڑا
راجیہ سبھاورکن پارلیمنٹ اور کانگریس کے ترجمان راجیو گوڑا نے کہا کہ عوام کا اعتماد عدلیہ، پارلیمنٹ آر بی آئی، انتخابی کمیشن جیسے اداروں پر سے اٹھتا جارہا ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر تحریر کیا کہ ملک میں آج عدالتی اقدار، آزادی، برابری اور بھائی چارہ خطرے میں ہے۔

رندیپ سنگھ سرجے والا
کانگریس میڈیا سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے  چیئرمین وینکیا نائیڈو کے فیصلے پرتنقید کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ تحریک مواخذہ لانے کے لیے 50 ارکان پارلیمنٹ کی ضرورت ہوتی ہے جو ہمارے پاس تھی۔انہوں نے مزید تحریر کیا کہ راجیہ سبھا کے چیئرمین تجویز کی اہلیت متعین نہیں کر سکتے۔ یہ لڑائی جمہوریت کو بچانے والوں اوراسے خارج کرنے والوں کے درمیان ہے۔

كےٹی ایس تلسی
سپریم کورٹ کے سینئر وکیل كےٹی ایس تلسی نے کہا کہ نائب صدر کی طرف سے مواخذہ کی پیشکش مسترد کرنے کے لئے دی گئی بنیاد درست نہیں ۔

سبرامنیم سوامی
بی جے پی کے رہنما سبرامنیم سوامی نے کہا کہ اس پر فیصلہ لینے میں نائب صدر کو 2دن کا وقت نہیں لینا چاہئے تھا۔ سوامی نے کہا ’’اس تجویز کو آغاز میں ہی مسترد کر دینا چاہئے تھا۔ کانگریس نے تحریک مواخذہ لاکر خود کشی کی ہے۔واضح ہو کہ نائب صدرجمہوریہ وینکیا نائیڈوکی جانب سے  چیف جسٹس  دیپک مشرا کے خلاف 7 اپوزیشن پارٹیوں کے مواخذہ کی تجویز کو مسترد کئے جانے کے بعد اپوزیشن پارٹیاں اس معاملے میں سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا سکتی ہیں۔

مزید پڑھیں:- - - -مدھیہ پردیش: 2کاروں میں تصادم ،4افراد زندہ جل گئے

شیئر: