Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ممبئی حملہ کیس ، نئی دہلی نے تعاون نہیں کیا،چوہدری نثار

اسلام آباد...سابق وزیرِ داخلہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری نثار نے کہا ہے کہ ممبئی حملہ کیس پاکستان کی وجہ سے نہیں بلکہ ہند کی جانب سے عدم تعاون اور ہٹ دھرمی سے تعطل کا شکار ہوا۔ سابق وزیرداخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ ممبئی حملہ کیس کے تمام مراحل سے مکمل طور پرآگاہ ہوں۔ ایف آئی اے اس کیس کی تحقیقات کر رہا تھا جو وزارتِ داخلہ کا ماتحت ادارہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہند کی دلچسپی کیس کی شفاف تحقیقات اور اسے منطقی انجام تک پہنچانے میں نہیں تھی۔ہندوستانی حکومت نے اس وا قعہ کو بین الاقوامی طور پر پاکستان کو بدنام کرنے کے آلہ کار کے طور پر استعمال کیا جو وہ آج تک کر رہی ہے۔سابق وزیرداخلہ نے بتایا کہ پاکستان کی تمام تر کوششوں کے باوجود ہندوستانی حکومت متعلقہ شواہد پاکستان کے تحقیقاتی ادارے کے ساتھ تبادلہ کرنے سے گریزاں رہی۔ پاکستانی عدالتوں کی جانب سے قائم کمیٹیوں کے ساتھ بھی تعاون نہیں کیا۔اجمل قصاب جو اس واقعہ کا واحد زندہ ثبوت تھا ا سے کمال پھرتی کے ساتھ پھانسی گھاٹ پر پہنچا دیا۔ ہندوستانی حکومت کی اس کیس کی تہہ تک پہنچنے میں عدم دلچسپی کی اس سے بڑی مثال اور کیا ہو سکتی ہے کہ پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم کو اس کیس سے منسلک واحد ثبوت سے سوالات کرنے تک کا موقع فراہم نہیں کیا گیا۔اجمل قصاب کی پھانسی سے ہند نے ممبئی حملہ کیس میں اصل حقائق منظر عام پر آنے کا باب بند کر دیا ۔ ممبئی حملوں کے حوالے سے ہند کی جانب سے عدم تعاون، عدم دلچسپی اور ہٹ دھرمی ریکارڈ کا حصہ ہے۔
مزید پڑھیں:نواز شریف دور جدید کا میر جعفر ہے،عمران خان

شیئر: