Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارت محنت کے 23457تفتیشی دورے، سعوائزیشن کے عمل کو یقینی بنایا جائیگا

ریاض.... وزارت محنت و سماجی فروغ نے گزشتہ عرصے کے دوران مملکت کے مختلف شہروں میں 23ہزار457 تفتیشی دورے کئے ۔گولڈ مارکیٹ کی سعودائزیشن کے علاوہ زنانہ لوازمات فروخت کرنے والی دکانوں میں وزارت کے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ بھی لیا گیا۔ تفتیشی دوروں کے دوران 984خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔ 786سعودائزیشن کی خلاف ورزیاں نوٹ کی گئیں جبکہ  198 دیگر خلاف ورزیاں پکڑی گئیں۔ تفتیشی دورے کے دوران معلوم ہوا کہ 22371اداروں نے سعودائزیشن کے فیصلے پر100فیصد عمل درآمد کرلیا ہے جبکہ 1104اداروں نے ابھی تک فیصلے پر عمل نہیں کیا۔ وزارت محنت و سماجی فروغ کے ترجمان خالد ابا الخیل نے کہا ہے کہ مملکت میں گولڈ مارکیٹ کی سعودائزیشن کے نفاذ کا فیصلہ وزارت داخلہ کی براہ راست نگرانی میں ہے۔ گولڈ مارکیٹ کی سعودائزیشن کے لئے جو کمیٹی قائم کی گئی تھی اس کی سربراہی وزارت داخلہ نے کی ہے۔ یہ فیصلہ وزارت داخلہ ، وزارت محنت ،وزارت بلدیات و دیہی امور ، وزارت تجارت و سرمایہ کاری ، امن عامہ کا ادارہ، محکمہ پاسپورٹ اورگورنریٹ کی مشترکہ ٹیموں نے کیا تھا۔ اس حوالے سے وزارت محنت انتہائی سنجیدہ ہے۔ وزارت محنت کی تفتیشی ٹیمیں خصوصی طور پر گولڈ مارکیٹ کی سعوائزیشن کو یقینی بنانے کیلئے تفتیشی دورے کرینگی۔انہوں نے کہا کہ وزارت محنت نے ماہرین کی ایک ٹیم تشکیل دی ہے جو ہر ریجن کی ضرورت کے مطابق وہاں کے مختلف شعبوں میں سعودائزیشن کے امکانات کا جائزہ لیتی رہتی ہے۔ کمشنریوں کے نوجوانوں کو اپنی کمشنری میں ہی مناسب ملازمت فراہم کرنے کیلئے مختلف شعبوں کی سعودائزیشن ضروری ہے۔ وزارت محنت چاہتی ہے کہ چھوٹی کمشنریوں کے شہری بڑی کمشنریوں کی طرف ملازمت کی وجہ سے نہ جایا کریں۔

                           

شیئر: