Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان المبارک کا آخری عشرہ شروع، شاہ سلمان مکہ پہنچ گئے، تیاریاں مکمل

 مکہ مکرمہ..... رمضان المبارک کا آخری عشرہ اپنی تمام رحمتوں، برکتوں اور خصوصیتو ں کےساتھ شروع ہوگیا۔ مقدس شہر پہنچنے والے معتمرین اور زائرین کی تعداد میں بھی ہوشربا حد تک اضافہ ہوگیا۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آخری عشرہ حرم شریف کے پہلو میں گزارنے کیلئے جدہ قصر السلام سے مکہ مکرمہ کے قصر صفاءپہنچ گئے۔ جہاں سے وہ ضیوف الرحمن کو پیش کی جانے والی خدمات کا بنفس نفیس جائزہ لیتے رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف کی انتظامیہ ، مکہ مکرمہ میونسپلٹی ، محکمہ صحت، محکمہ شہری دفاع، سیکیورٹی کے اداروں ، ہلال احمر سمیت تمام سرکاری و نجی اداروںنے ضیوف الرحمان کو حرم شریف آنے جانے کی سہولتیں فراہم کرنے ، حرم شریف میں عبادت ، تلاوت ، تراویح اور قیام اللیل میں شرکت کیلئے آسانیوںکے جملہ انتظامات ہنگامی بنیادوں پر کرلئے۔ ہر ادارے نے رمضان کے آخری عشرے کے حوالے سے خصوصی انتظامات کا اہتمام کیا ہے۔ اندرون ملک سے بھی لاکھوں سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی رمضان کا آخری عشرہ مقدس شہر میں گزارنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر بھی آتے جاتے ہیں اور وہاں ہوٹلوں، فرنشڈ اپارٹمنٹس نیز اپنے اعزہ اور دوست احباب کے مکانات پر بھی قیام کرکے اپنا یہ خواب پورا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ حرم شریف کے اطراف کے تمام ہوٹل 100فیصد بک ہوچکے ہیں۔ کرایوں میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔ ہوشربا اضافے کے باوجودہوٹلوں میں رہائش کے لئے کمرے میسر نہیں۔ حرمین شریفین انتظامیہ نے 10ہزار سے زیادہ افراد زائرین کی خدمت کیلئے تعینات کئے ہیں۔ 24گھنٹے صفائی کے شاندار انتظامات کیلئے خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ تراویح کے دوران معتمرین ہی مطاف میں دیکھے جاسکیں گے۔ نمازیوں کو تراویح اور قیام اللیل کے دوران مطاف میں نماز کی اجازت نہیں ہوگی۔ بزرگ ، معذور اور کمزور زائرین کیلئے 700الیکٹرک وہیل چیئر کا بندوبست کیا گیا ہے۔ 10ہزار عام وہیل چیئرز فراہم کی گئی ہیں۔ حرم شریف کی تمام منزلوں اور صحنوں میں سادہ اور ٹھنڈے آب زمزم کا بہت عمدہ انتظام کردیا گیا ہے۔ 25ہزار سے زیادہ آب زمزم کے کولر مہیا کئے گئے ہیں۔210دروازے کھول دیئے گئے۔ 28الیکٹرانک زینے موثر ہیں۔ معذور حضرات حرم شریف آنے جانے کیلئے 38دروازے استعمال کرسکتے ہیں۔ خواتین کیلئے 7دروازے مختص کئے گئے ہیں۔ حرم شریف میں عربی سمیت مختلف زبانوں میں درس کا انتظام کیا گیا ہے۔ گونگوں کیلئے اشاروں کی زبان میں درس کی تفہیم کا اہتمام کیا گیا ہے۔ روشنی، ایئرکنڈیشن اور صوتی نظام کومزید بہتر بنادیا گیا ہے۔ مطاف جانے کیلئے باب الملک عبدالعزیز اورمغرب کی جانب سے شاہ فہد کے توسیعی حصے کے زمینی راستے ، مشرق میں باب السلام اور صفا اور مروہ کے راستے داخلے کی سہولت دی گئی ہے۔ زائرین کی کثرت کو دیکھتے ہوئے توسیعی حرم کے تیسرے منصوبے کے تمام حصے بھی کھول دیئے گئے ہیں۔ مکہ مکرمہ کے باہر کار پارکنگ کے نظام کو مزید موثر بنادیا گیا ہے۔ حرم شریف آنے جانے کیلئے شٹل سروس کا بندوبست کیا گیا ہے۔ مسجد الحرام کے ایمرجنسی اسپتال کو 100سے زیادہ ڈاکٹرز، نرسیں اور معاون اہلکار مہیا کئے گئے ہیں۔ سیکیورٹی کو مضبوط رکھنے کیلئے 24گھنٹے ہیلی کاپٹر حرم شریف اور اس کے اطراف پروازوں پر مامور کئے جاچکے ہیں۔

شیئر: