Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارت حج نے مشاعر مقدسہ میں حجاج کیلئے کھانے کا نظام جاری کردیا

مکہ مکرمہ.... وزارت حج و عمرہ نے مشاعر مقدسہ میں حجاج کرام کیلئے کھانے کا نظام جاری کردیا۔ یہ اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جبکہ کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ اور امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ مدینہ منورہ عازمین حج کے ابتدائی قافلے پہنچنے شروع ہوگئے۔ الوطن اخبار نے اس کی تفصیلات دیتے ہوئے واضح کیا کہ وزارت حج و عمرہ حجاج کرام کو پیش کئے جانے والے کھانوں اور انہیں تیار کرنےو الی کمپنیوں کی نگرانی کرے گی۔ حجاج کیلئے کھانے کے انتظامات کے حوالے سے 8 بڑے چیلنج مدنظر رکھے گئے۔ اس سلسلے کی سب سے اہم مشکل یہ تھی کہ موجودہ حالات میں کھانوں کا ٹھیکہ لینے والی کمپنی کو منافع کی شرح بہت کم دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وجہ یہ ہے کہ بہت سارے لوگ حجاج کرام کو مشاعر مقدسہ میں کھانے پیش کرنے سے متعلق پروگرام کی مخالفت کر رہے ہیں۔ مخالفت کو کم کرنے کیلئے یہی حل سوچا گیا کہ کھانا معیاری ہو اور سستا ہو تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس پروگرام کی طرف مائل ہوجائیں۔ وزارت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے سے تیار کھانوں اور روایتی انداز میں تیار کرکے کھانے پیش کرنے کے نرخوں میں بھی فرق ہے۔ حج اداروں نے پہلے سے تیار کھانے فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کرنے سے انکار کردیا تھا۔ اس حوالے سے یہ دلیل بھی دی جارہی ہے کہ پہلے سے تیار کھانوں کی فراہمی کے سلسلے میں ٹھیکے کی بابت بنیادی سہولتیں مہیا نہیں ہیں۔ ویسے بھی عام حاجی پہلے سے تیار کھانے ذہنی طور پر قبول نہیں کرتے۔ وزارت حج یہ بھی چاہتی ہے کہ مشاعر مقدسہ میں جدید طرز کے باورچی خانے قائم کرنے کیلئے متعلقہ کمپنیوں کی حوصلہ افزائی ہو ۔ وزارت کی یہ بھی کوشش ہے کہ جس ملک کے لوگ جس طرح کے کھانے پسند کرتے ہوں، ویسے ہی کھانے یکساں شکل میں انہیں مہیا کئے جائیں۔ 
 

شیئر: